امریکی خفیہ ادارے کے منحرف ایجنٹ ایڈورڈ اسنوڈن کے لئے ناروے کا اعلیٰ ترین اعزاز

امریکی حکومت کے بڑے پیمانے پر نگرانی کے پروگراموں سے متعلق معلومات منظر عام پرلانے پر کوئی پچھتاوا نہیں، ایڈورڈ اسنوڈن


ویب ڈیسک September 06, 2015
ایڈورڈ اسنوڈن امریکی خفیہ ایجنسی این ایس اے کے لئے کام کرتے تھے فوٹو: فائل

ناروے کی ادب اور اظہارِ رائے کی آزادی کی اکیڈمی نے امریکی خفیہ ادارے این ایس اے کے منحرف رکن ایڈورڈ اسنوڈن کو اعلیٰ ترین اعزاز 'بیورنسن پرائز' سے نوازا ہے۔

ناروے کے شہر مولڈے میں ناروے کی ادب اور اظہارِ رائے کی آزادی کی اکیڈمی کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے دوران ایڈورڈ اسنوڈن کو ذاتی معلومات کے اہم موضوع پر اُن کی خدمات کے بدلے میں 'بیورنسن پرائز' سے نوازا گیا۔

تقریب کے دوران جب ان کے لئے انعام کا اعلان کیا گیا تو وہاں موجود تمام افراد نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ایڈورڈ اسنوڈن تقریب میں شریک ہوکر براہ راست یہ انعام حاصل نہ کرسکے تاہم انہوں نے وڈیو لنک کے ذریعے اس میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران ایڈورڈ اسنوڈن کا کہنا تھا کہ وہ اپنے وطن امریکا سے محبت کرتا ہے اور اُس نے کوئی امریکا مخالف قدم نہیں اٹھایا ہے۔ انسانی حقوق کے خلاف سرگرمیوں کے باعث ریاست ہائے متحدہ امریکا کی ساکھ اور وقار کو دھچکا پہنچ رہا ہے، اُسے اس حوالے سے کوئی پچھتاوا نہیں ہے کہ وہ امریکی حکومت کے بڑے پیمانے پر نگرانی کے پروگراموں سے متعلق معلومات منظر عام پر لایا ہے اور اسی پاداش میں اُسے جلا وطنی بھگتنا پڑ رہی ہے۔

سابق امریکی ایجنٹ کا کہنا تھا کہ روس اُس کی منزل ہرگز نہیں تھی لیکن یہ کہ پاسپورٹ منسوخ ہو جانے کے باعث اُس کے پاس روس ہی میں رہ جانے کے سوا اور کوئی چارہ ہی نہیں تھا۔ سنوڈن نے کہا کہ اُس نے 21 ملکوں میں سیاسی پناہ کے لیے درخواست دے رکھی ہے لیکن اب تک کہیں سے بھی کوئی جواب نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ ایڈورڈ اسنوڈن امریکی خفیہ ایجنسی این ایس اے کے لئے کام کرتے تھے اور انہوں نے امریکی شہریوں اور دیگر ملکوں کی خفیہ نگرانی کے امریکی پروگراموں سے متعلق معلومات افشاں کی تھیں اور اب وہ روس میں جلا وطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

اگر اسنوڈن نے روس سے نکل کر کسی دوسرے ملک میں رہائش اختیار کرنے کی کوشش کی تو اُنہیں واپس امریکا کے حوالے کیا جا سکتا ہے، جہاں اُن کے خلاف امریکی شہریوں اور دیگر ملکوں کی خفیہ نگرانی کے امریکی پروگراموں سے متعلق معلومات افشا کرنے پر مقدمات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |