بنگلہ دیش پریمیئر لیگ مرلی دھرن سمیت 54 پلیئرز معاوضوں سے محروم

ایونٹ کی فرنچائزز کو ادائیگیوں کیلیے 20 اکتوبر کی حتمی ڈیڈلائن دے دی، کرکٹ بورڈ


Sports Desk October 20, 2012
ایونٹ کی فرنچائزز کو ادائیگیوں کیلیے 20 اکتوبر کی حتمی ڈیڈلائن دے دی، کرکٹ بورڈ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں شرکت کرنے والے7 غیرملکیوں سمیت 54 پلیئرز ابھی تک اپنے معاہدوں کی رقوم پانے سے محروم ہیں۔

ان میں سری لنکا کے ورلڈ ریکارڈ ہولڈر مرلی دھرن اور پاکستان کے آل رائونڈر اظہر محمود بھی شامل ہیں، ذرائع کے مطابق چٹاگانگ کنگز پر اسپنر کے75 ہزار ڈالر واجب الادا ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل کی طرزپربنگلہ دیش میں شروع ہونیوالی پریمیئر لیگ اپنی ساکھ بنانے میں ناکام رہی، پہلے ایڈیشن میں شریک پلیئرز ابھی تک معاوضوں کے منتظر ہیں، مجموعی طور پر 6فرنچائز54 پلیئرز کی مقروض ہیں، کرکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن آف بنگلہ دیش نے فرنچائز کے ستائے ہوئے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی، 7غیرملکیوں میں ویسٹ انڈین پولارڈ، پاکستانی اظہرمحمود، آسٹریلوی الیکس کرویزی اور ڈیرن اسٹیونز اور آئرلینڈ کے نیل اوبرائن،جنوبی افریقی ہرشل گبز اور سری لنکن مرلی دھرن بھی موجود ہیں،گبز نے کہا کہ مجھے ابھی تک بی پی ایل میں شرکت کرنے کا معاوضہ نہیں ملا ۔

انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ متعلقہ فرنچائز نے ان کی کتنی فیصد رقم دبا رکھی ہے،ذرائع کے مطابق نے مرلی دھرن کو چٹاگانگ کنگز سے 75 ہزار ڈالروصول کرنا ہیں،48 بنگلہ دیشی کرکٹرز بھی اپنے معاوضوں کے منتظر ہیں، پلیئرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری دیباباراتا پال کا کہنا ہے کہ بی پی ایل کو حتمی ادائیگی ایونٹ ختم ہونے کے بعد زیادہ سے زیادہ 20دن تک کرنی چاہیے تھی،اگرچہ ہم نے اس معاملے پربورڈ کو خط بھی بھیجا لیکن صورتحال جوں کی توں ہی ہے۔بی سی بی نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ ہم نے فرنچائز کو پلیئرز کو ادائیگیوں کیلیے20اکتوبر کی حتمی ڈیڈلائن دی ہے، اگر اس تاریخ تک وہ ایسا نہیں کرتیں تو پھر فیصلہ 24 اکتوبر کو کیا جائے گا، ہم اپنے ایونٹ کی قدر کم کرنا نہیں چاہتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں