چھوٹے نواب سیف علی خان کی مارپیٹ کے مقدمے میں گرفتاری کا امکان

بالی ووڈ اداکار پر 2012 میں ممبئی کے تاج ہوٹل کے ریسٹورنٹ میں تاجر سے مارپیٹ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیاتھا


ویب ڈیسک September 06, 2015
سیف علی خان اور ان کے 2 ساتھیوں بلال امروہی اور شکیل کو 22 فروی 2012 میں تاج ہوٹل میں تاجر اقبال میر شرما پر تشدد کیا تھا، فوٹو: فائل

بالی ووڈ میں چھوٹے نواب کے نام سے مشہور اداکار سیف علی خان پر 2012 میں ممبئی کے تاج ہوٹل میں مارپیٹ کے مقدمے کے مدعی اقبال میر شرما نے صلح سے انکار کردیا ہے۔

سیف علی خان فلموں کے علاوہ عام زندگی میں بھی ایکشن میں نظر آتے رہتے ہیں جب کہ فلموں کی طرح ممبئی کے تاج ہوٹل کے ریسٹورنٹ میں مار پیٹ کرنا چھوٹے نواب کو مہنگا پڑگیا جس کے بعد 2012 میں مارپیٹ کے مقدمے میں ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت کی جانب سے تاج ہوٹل کے ریسٹورنٹ میں مار پیٹ کے مقدمے میں فریقین کو کورٹ سے باہر صلح کرنے کی مہلت دی گئی تھی جب کہ مقدمے کے مدعی غیرملکی تاجر اقبال میر شرما نے اداکار کے ساتھ کسی قسم کی صلح صفائی سے انکار کرتے ہوئے ٹرائل کا مطالبہ کیا جس کے بعد اب ان کے خلاف ٹرائل کورٹ میں مقدمہ چلایا جائے گا اور جرم ثابت ہونے پر اداکار کو جیل کی ہوا کھانی پڑسکتی ہے۔

واضح رہے کہ اداکار سیف علی خان اور ان کے 2 ساتھیوں بلال امروہی اور شکیل کو 22 فروی 2012 میں تاج ہوٹل میں تاجر اقبال میر شرما کی جانب سے درخواست کے بعد گرفتار کرلیا گیا تاہم انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔