یوم دفاع پر دہشت گردی کے منصوبے ناکام

ملک بھر میں 50 واں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و خروش اور قومی جذبے سے منایا گیا


Editorial September 07, 2015
ہمارے اداروں کو چاہیے کہ وہ وقت گزرنے کے بعد بھی ایک مناسب حد تک اپنی چوکسی برقرار رکھیں تا کہ دشمن کو ہماری غفلت سے فائدہ اٹھانے کا کوئی موقع نہ مل سکے۔ فوٹو: فائل

ملک بھر میں 50 واں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و خروش اور قومی جذبے سے منایا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد کے کچھ علاقوں میں موبائل سروس بھی بند رکھی گئی۔ بڑے شہروں میں ہونے والی تقریبات میں واک تھرو گیٹس لگائے گئے۔ یوم دفاع کے موقع پر مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے خدشات موجود تھے جس کے باعث نہ صرف یہ کہ تمام تقریبات کی سیکیورٹی فول پروف بنا دی گئی تھی بلکہ سیکیورٹی فورسز نے یوم دفاع کے موقع پر لاہور، کوئٹہ، کراچی، پشاور اور اسلام آباد میں دہشت گردی کے متعدد منصوبے ناکام بنا دیے۔ لاہور میں سی آئی اے کی ٹیم نے اسلحہ سے بھرا ٹرک پکڑ کر 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان مرغیوں سے بھرے ٹرک کے خفیہ خانوں میں اسلحہ رکھ کر شہر میں داخل ہو رہے تھے۔ ادھر آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ میں سیکیورٹی اداروں نے بھارتی خفیہ ادارے ''را'' سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 6 کلوگرام دھماکا خیز مواد اور ایک بارودی سرنگ برآمد کرلی۔

گرفتار دہشت گرد نے ماضی میں دو مواقع پر کوئٹہ ہی میں دو بارودی سرنگیں نصب کرنے کا اعتراف کیا ہے جن کے پھٹنے سے کئی افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ گرفتار دہشت گرد ایک آئی ای ڈی نصب کر چکا تھا جسے اس نے یوم دفاع کے موقع پر ریموٹ کنٹرول کے ذریعے اڑانا تھا۔ کراچی میں رینجرز نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ یہ کارروائی لانڈھی کے علاقے میں کی گئی۔اس کارروائی میں بہت سا اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ۔ پشاور میں اسپیشل پولیس یونٹ نے 3دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار دہشتگرد پولیس اور پولیو ٹیموں پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

بھارت کی خفیہ ایجنسی ''را'' کے پاکستان میں بڑھتے ہوئے عمل دخل اور معاندانہ سرگرمیوں کی اطلاعات تسلسل سے آ رہی ہیں،ادھر دہشت گرد تنظیمیں بھی کوئی واردات کر سکتی تھیں۔ لہٰذا یوم دفاع کے موقع پر دہشت گردوں اور را کی متوقع کارروائیوں کے حوالے سے ہماری ایجنسیاں خاص طور پر چوکس اور متحرک تھیں اسی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں سے را کے متعدد ایجنٹ گرفتار کر لیے گئے ہیں جنہوں نے را سے تعلق کا اعتراف بھی کر لیا اور بعض گرفتار شدگان کے قبضے سے دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا جو کہ خوش قسمتی سے استعمال ہونے سے پہلے ہی قابو میں آ گیا یوں بہت ساری بے گناہ انسانی جانیں ایک ناگہانی خطرے سے بچا لی گئیں۔ ہمارے اداروں کو چاہیے کہ وہ وقت گزرنے کے بعد بھی ایک مناسب حد تک اپنی چوکسی برقرار رکھیں تا کہ دشمن کو ہماری غفلت سے فائدہ اٹھانے کا کوئی موقع نہ مل سکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں