بی آئی ایس پی غربت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے ماروی میمن

حکومت نے لوگوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلیے انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ بڑھادیا، ماروی میمن


APP September 07, 2015
پاک فوج ضرب عضب کے حوالے سے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کیلیے نبرد آزما ہے، ماروی میمن۔ فوٹو: فائل

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پنجاب کے زیر اہتمام بی آئی ایس پی پروگرام سے مستفید ہونیوالے مستحقین کے لیے تاریخی اقبال پارک لاہور میں ہفتہ کو پکنک کا اہتمام کیا گیا، جس میں چیئرپرسن و وزیر مملکت بی ایس آئی پی ماروی میمن نے بھی شرکت کی۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن و وزیر مملکت ماروی میمن نے مینار پاکستان پر شرکا میں مسلح افواج کی 6 ستمبر 1965 کی جنگ کے حوالے سے ملک کی حفاظت کیلیے ان لازوال قربانیوں کا ذکر کیا جو انہوں نے اپنے ملک کا دفاع کرتے ہوئے پیش کیں۔ انہوں نے کہاکہ1965 کی جنگ کو 50 سال مکمل ہو گئے ہیں اور ہم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے 1965 کی جنگ میں دشمنوں کو عبرتناک شکست سے دو چار کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج بھی ہماری بہادر مسلح افواج وہی تاریخ دہرانے کیلیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج ضرب عضب کے حوالے سے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کیلیے نبرد آزما ہے جبکہ بی آئی ایس پی ملک سے غربت کے خاتمے کے لیے برسر پیکار ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت وزیر اعظم پاکستان محمدنواز شریف کی قیادت میں ملک سے غربت اور پسماندگی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر مملکت ماروی میمن نے کہا کہ حکومت نے غربت کے خاتمے اور لوگوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے بی آئی ایس پی کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔ اس موقع پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ڈائریکٹر جنرل پنجاب سارہ سعید نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام افسران مستحقین کو رقوم کی ادائیگیوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے دلجمعی سے کام کررہے ہیں۔ بعد ازاں ماروی میمن اور بی آئی ایس پی سے مستفید ہونیوالے افراد نے مینار پاکستان کے ارد گرد ایک انسانی زنجیر تشکیل دی اور مشکل وقت میں جاری آپریشن میں پاک فوج کی کامیابی اور ملک کی خوشحالی کے لیے دعا کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں