پاکستان اور ترکی پی ٹی اے کیلیے کوششیں تیز کریں گے

ترجیحی تجارتی معاہدے میں ٹیکسٹائل سیکٹر سمیت تمام ایشوز کا احاطہ کیا جائیگا۔


APP October 20, 2012
ترجیحی تجارتی معاہدے میں ٹیکسٹائل سیکٹر سمیت تمام ایشوز کا احاطہ کیا جائیگا۔ فائل فوٹو

پاکستان اور ترکی جامع ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) کی جلد تکمیل کیلیے کوششوں کو تیز کریں گے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جاسکے۔

ترک نائب وزیراعظم علی بابکین نے وزیرمملکت اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین سلیم ایچ مانڈوی والا کے ساتھ ملاقات میں انھیں ترک حکومت کی جانب سے مقامی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلیے حوصلہ افزائی کے حوالے سے مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر استنبول اسلام آباد کارگو ٹرین ''گل ٹرین'' پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انھوں نے اقتصادی امور پر مشترکہ فیصلہ ساز فورم ہائی لیول کوآپریشن کونسل (ایچ ایل سی سی) کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ایچ ایل سی سی پاک ترک تعلقات میں ایک سنگ میل ہے جس کے تحت کئی اقتصادی وتجارتی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

پاکستان وفد نے ترک نائب وزیر معیشت مصطفیٰ سیور سے بھی ملاقات کی۔ فریقین نے نوٹ کیا کہ گزشتہ سال دوطرفہ تجارت 1ارب ڈالر کی حد عبور کرگئی مگر اس رجحان کو برقرار رکھنے کیلیے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ انھوں نے اس امر سے بھی اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مجوزہ ترجیحی تجارتی معاہدے میں ٹیکسٹائل سیکٹر سمیت تمام ایشوز کا احاطہ کیا جائے گا۔اس موقع پر سلیم ایچ مانڈوی والا کے ساتھ وفاقی سیکریٹری تجارت منیر قریشی، ترکی میںپاکستانی سفیر محمد ہارون شوکت اور قونصل جنرل استنبول ڈاکٹر یوسف جنید بھی تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں