یورو فٹبال آئس لینڈ نے کوالیفائی کر کے تاریخ رقم کر دی

جمہوریہ چیک نے بھی شرکت یقینی بنالی، ترکی نے نیدرلینڈز کو 3-0 سے اپ سیٹ شکست دیدی، بلغاریہ کی ٹیم پر اٹلی کا غلبہ

جمہوریہ چیک نے بھی شرکت یقینی بنالی، ترکی نے نیدرلینڈز کو 3-0 سے اپ سیٹ شکست دیدی، بلغاریہ کی ٹیم پر اٹلی کا غلبہ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
آئس لینڈ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے یورو 2016 کیلیے کوالیفائی کرلیا، ٹیم پہلی بار کسی بھی بڑے ایونٹ کے فائنلز میں رسائی پانے میں کامیاب ہوئی، جمہوریہ چیک نے بھی آئندہ برس فرانس میں شیڈول فائنلز میں شرکت کا پروانہ حاصل کرلیا، ترکی نے نیدرلینڈز کو 3-0 سے اپ سیٹ شکست دی، اٹلی نے بلغاریہ کو 1-0 سے مات دے کر پوزیشن بہتر کرلی۔

اسرائیل سے ڈرا میچ کی وجہ سے ویلز کو انتظار کرنا پڑگیا۔ تفصیلات کے مطابق3 لاکھ 30 ہزار نفوس پر مشتمل آئس لینڈ نے قازقستان کیخلاف بغیر کسی گول کے ڈرا مقابلے سے ملنے والے ایک پوائنٹ کی بدولت یورو 2016 کیلیے کوالیفائی کرلیا، گروپ ' اے ' میں ابتدائی 2 میں سے ایک پوزیشن پر جگہ یقینی بنانے کیلیے آئس لینڈ کو محض ایک پوائنٹ ہی درکار تھا، اسی گروپ میں موجود جمہوریہ چیک نے لٹویا کو 2-1 سے شکست دے کر فرانس جانے کا انتظام کرلیا۔


جمہوریہ چیک کیلیے ڈیوڈ لیمبرسکی اور ولادیمیر ڈریڈا نے پہلے ہاف میں گول بنائے جبکہ لٹویا کا خسارہ آرتھرس زوزینز نے کم کیا، گروپ کے تیسرے میچ میں مشکلات سے دوچار نیدرلینڈز کو ترکی نے 3-0 سے مات دے دی، گروپ اے ہی میں شامل ڈچ ٹیم کیلیے علاقائی چیمپئن شپ سے اخراج کا خطرہ بڑھ گیا، نیدرلینڈز اس سے قبل 1984 کے یورو فٹبال ایونٹ سے بھی باہر ہوا تھا، نئے کوچ ڈینی بلنڈ کو دوسری شکست کا سامنا رہا، سینٹرل ترکی میں واقع کونیا اسٹیڈیم میں میزبان سائیڈ نے گذشتہ برس ورلڈ کپ کی سیمی فائنلسٹ نیدرلینڈز کو آئوٹ کلاس کیا۔

بارسلونا کیلیے بھی کھیلنے والے آردا توران ، اوگزان اوزیاکوپ اور براک یلماز نے ایک، ایک گول بنایا، ڈچ کوچ بلنڈ نے کہا کہ ہم نے ایک مرتبہ پھر اپنے پائوں پر کلہاڑی دے ماری، جب آپ آسان گول بنانے کے مواقع ضائع کردیں تو حالات حیران کن طور پر مشکل ہوجاتے ہیں، ناکامی پر افسردہ اسٹار ڈچ اسٹرائیکر روبن وان پیرسی نے کہا کہ معاملات اب ہمارے ہاتھوں سے نکل چکے ہیں، یہ انتہائی افسوسناک صورتحال ہے، دوسری جانب ویلز کو پہلی یورپیئن چیمپئن شپ میں جگہ بنانے کیلیے کچھ انتظار کرنا ہوگا، ٹیم نے اس سے قبل 1958 میں ورلڈ کپ کی صورت بڑا ایونٹ کھیلا تھا،کارڈف میں اسرائیل کیخلاف فتح اسے فائنلز میں پہنچا سکتی تھی لیکن یہ مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا۔

گروپ 'بی ' کے دوسرے مقابلے میں بیلجیئم نے قبرص کیخلاف 1-0 سے کامیابی سمیٹ لی، فیصلہ کن گول ایڈن ہیزارڈ نے86ویں منٹ میں بنایا، ویلز کو اپنے باقی 2کوالیفائنگ میچز میں محض ایک پوائنٹ درکار ہوگا، اس میں ٹیم کا سامنا بوسنیا ہرزیگووینیا اور آندروا سے ہونا ہے، بیلجیئم بھی آندورا سے اگلے میچ میں کامیابی کی صورت میں میگا ایونٹ کیلیے کوالیفائی کرسکے گا، گروپ ' ایچ ' میں اٹلی نے بلغاریہ کو1-0 سے شکست دے کر پوزیشن کو مستحکم کرلیا، واحد گول چھٹے منٹ میں پنالٹی پر ڈینیلی ڈی روسی نے بنایا۔
Load Next Story