شام میں ڈرون حملے میں داعش کے 2 برطانوی جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق

ریاد خان اور روح الامین کو اس وقت ہدف بنایا گیا جب وہ اپنی گاڑی میں سفر کر رہے تھے، برطانوی وزیراعظم


ویب ڈیسک September 08, 2015
برطانوی سکیورٹی حکام کے مطابق 700 کے قریب برطانوی شہری شام گئے اور ان میں سے نصف کے قریب واپس لوٹ آئے ہیں فوٹو: فائل

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے گزشتہ ماہ شام میں کئے گئے ایک ڈرون حملے میں داعش کے 2 برطانوی جنگجووں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

برطانوی پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ گزشتہ ماہ شام کے شہررقہ میں برطانوی فضائیہ نے ڈرون حملہ کیا تھا جس میں داعش کے دو برطانوی جنگجو ریاد خان اورروح الامین بھی ہلاک ہوئے۔ یہ حملہ برطانیہ کا شام میں داعش کے لیے لڑنے والے برطانوی شہریوں پر پہلا حملہ تھا۔

ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ ریاد خان کوبے حد محتاط منصوبہ بندی کے بعد ڈرون میں اس وقت ہدف بنایا گیا جب وہ اپنی گاڑی میں سفرکررہے تھے، ریاد خان نے برطانوی سرزمین پر'سفاکانہ' حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی اور اپنے دفاع کے لیے اٹھایا جانے والا یہ قدم قانونی ہے۔ اس کارروائی سے پہلے اٹارنی جنرل سے مشاورت کی گئی تھی اور وہ اس بات پر واضح طور پر متفق تھے کہ ریاد خان کو ہدف بنانے کا قانونی جواز موجود ہے۔

برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ 24 اگست کو رقہ میں ہی امریکی فورسز کی کارروائی میں ایک اوعر برطانوی جنید حسین بھی مارے گئے تھے۔ ریاد خان اور جنید حسین نے رواں موسم گرما میں برطانیہ میں منعقد ہونے والی یادگاری تقریبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی۔
دوسری جانب ریاد خان کے اہلخانہ کے قریب ایک شخص محمد اسلام نے اس واقعے سے متعلق سچ جاننے کے لیے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی سکیورٹی حکام کے مطابق 700 کے قریب برطانوی شہری شام گئے اور ان میں سے نصف کے قریب واپس لوٹ آئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں