قومی سلامتی یقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے سول وعسکری قیادت کا عزم

پاکستان اپنے دفاع کو یقینی بنانے کے لئے کم سے کم جوہری صلاحیت برقرار رکھے گا، نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا فیصلہ


ویب ڈیسک September 09, 2015
اجلاس میں قومی سلامتی اور دفاع سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا فوٹو: آئی ایس پی آر

ملک کی اعلیٰ ترین سیاسی و عسکری قیادت نے خطے میں سیکیورٹی کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر اسلحے کی دوڑ میں شامل ہونے سے گریز کرتے ہوئے ملک کے دفاع کے لئے کم از کم جوہری صلاحیت برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

https://img.express.pk/media/images/q28/q28.webp

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق ، اسحاق ڈار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں قومی سلامتی اور دفاع سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل مظہرجمیل نے سول اورعسکری قیادت کو جوہری اثاثوں اور میزائل ٹیکنالوجی پر بریفنگ دی۔

https://img.express.pk/media/images/d5/d5.webp

اجلاس کے دوران ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں مسلح افواج کی کامیابیوں کو سراہا۔ اجلاس میں ملک کے جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول پروگرام اور اسٹریٹجک اثاثوں کے تحفظ کے لئے کئے گئے سیکیورٹی انتظامات پر بھر پور اطمینان کا اظہار کیاگیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی نے علاقائی سلامتی کی صورت حال پر غور کیا، اس موقع پر شرکا کو ہمسایہ ملک کی اسٹریٹیجک اور روایتی صلاحیت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

https://img.express.pk/media/images/q29/q29.webp

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان جنوبی ایشیاء کی بدلتی سیکورٹی صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہےاور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گا۔ پاکستان خطے میں اسلحے کی دوڑ سے گریز کی پالیسی پر گامزن ہے لیکن کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کو یقینی بنانے کے لئے کم سے کم ڈیٹرنس برقرار رکھے گا۔

https://img.express.pk/media/images/q38/q38.webp

سول اور عسکری قیادت نے فیصلہ کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، اس لئے جوہری استحکام اور سلامتی کے معاملات پر بین الاقوامی برادری سے رابطے میں رہے گا۔ اجلاس کے شرکا نے ایٹمی عدم پھیلاؤ کے لئے کثیر الجہتی کوششوں کے لئے پاکستان کے کردار پر اظہار اطمینان کیا، پاکستان ایٹمی عدم پھیلاؤ پریقین رکھتا ہے اور اس ضمن میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا ہے، پاکستان پرامن مقاصد کے لئے سول نیوکلیئرٹیکنالوجی تک رسائی کا حق رکھتا ہے اور نیو کلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت کاخواہاں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔