حکمرانوں کی کارکردگی زیرو ہے انتخابات میں تاخیر کی سازشیں ناکام بنادینگے نواز شریف

پیپلزپارٹی کی ناقص پالیسیوں سے ہر ادارہ تنزلی کا شکار ہے، عوام دیکھ بھال کر ووٹ دیں۔


Numainda Express October 20, 2012
ہمیشہ پاکستان کی بات کی اور آئندہ بھی ذاتی مفادات پر ملک کو ترجیح دینگے،پارٹی کارکنوں سے گفتگو۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں کی ناقص پالیسیوں کیوجہ سے ملک کا ہر ادارہ تنزلی کا شکار ہے۔

ہم نے ہمیشہ پاکستان کی بات کی ہے اور آئندہ بھی ذاتی مفادات پر ملک کو ترجیح دینگے' آئندہ عام انتخابات عوام کے پاس ملک کی تقدیر بدلنے کا سنہری موقع ہے، اگر اسے ضائع کر دیا گیا تو پھر پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں بچے گا' پنجاب حکومت نے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں جسکے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی بھی معترف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رائیونڈ میں خواتین کارکنوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

نواز شریف نے خواتین کارکنوں سے کہا کہ وہ عام انتخابات کی تیاری کریں اور مسلم لیگ(ن) کا پیغام گھر گھر پہنچائیں، عوام سے کہتا ہوں وہ انتخابات میں سیاسی جماعتوں کا ٹریک ریکارڈ دیکھ کر اپنے ووٹ کا استعمال کریں کیونکہ آئندہ انتخابات نے ملک کے مستقبل کا تعین کرنا ہے۔ آئی این پی کے مطابق میاں نوازشریف نے حمزہ شہباز، عارف سندھیلہ، خالد ججہ ودیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں تاخیر کی ہر سازش ناکام بنا دی جائیگی، حکومت کو ہر صورت مقررہ وقت پر انتخابات کروانا پڑینگے' پیپلزپارٹی نے سندھ میں جو کچھ کیا آئندہ انتخابات میں اسکے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی کارکردگی زیرو ہے اور یہ عوام کا سامنا کرنے کی جرات نہیں رکھتے اسلئے انتخابات میں تاخیر کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔