50گول رونی نے چارلٹن کا انگلش ریکارڈ توڑ دیا

فاتح مہمان ٹیم کیلیے ہارنیک نے 2 جبکہ ایلبا اور جینکونے ایک ایک گول بنایا

آسٹریا نے سوئیڈن کو 4-1 سے ہراکرفرانس جانے کا انتظام کرلیا، مقدونیہ پر اسپین کا غلبہ، روس نے لینکنسٹن کو تختہ مشق بنایا فوٹو: فائل

اسٹار اسٹرائیکر وین رونی نے 50 واں گول داغ کر بوبی چارلٹن کا 45 سال پرانا انگلش ریکارڈ توڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق انگلش کپتان وین رونی نے سوئٹزرلینڈ کیخلاف یورو کوالیفائر میں ملک کی جانب سے 50واں گول داغ کر سابق پلیئر بوبی چارلٹن کا ملکی ریکارڈ توڑ دیا، مانچسٹریونائیٹڈ کے اسٹار نے گذشتہ دنوں سان مرینو کیخلاف کوالیفائر میں پنالٹی پر گیند جال میں پہنچاکر سربوبی چارلٹن کے49 گول کا ریکارڈ برابرکیا تھا۔

اب سوئٹزرلینڈ کیخلاف یورو کپ 2016 کے ایک اورکوالیفائر میں انھوں نے سر بوبی چارلٹن کا 45 سال پرانا ملکی ریکارڈ اپنے قبضے میں کرلیا، ویمبلے اسٹیڈیم میں منعقدہ میچ میں سوئس ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو پہلے ہاف میں گول پوسٹ کے قریب نہیں آنے دیا، اس دوران انگلینڈ کا کھیل شایان شان نہیں رہا، دوسرے ہاف کے 67ویں منٹ میں نوجوان انگلش فارورڈ ہیری کین نے گیند کو جال کی راہ دکھاکر میزبان ٹیم کو برتری دلادی، جب 80 منٹ سے زائد کا کھیل مکمل ہوا تو ایسا محسوس ہوتا تھاکہ رونی کو اس ریکارڈ کو توڑنے کیلیے شاید آئندہ ماہ اسٹونیا کیخلاف میچ تک انتظار کرنا پڑے لیکن 84 ویں منٹ میں سوئس دفاع کھلاڑی کی غلطی نے رونی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرا دیا۔


راہیم اسٹرلنگ کو فاؤل کیا جس پر امپائر نے فوری طور پر انگلینڈ کو پنالٹی ایوارڈ کردی، اس سنہری موقع پر رونی نے گیند کو جال تک پہنچانے میں کوئی غلطی نہیں کی، اس موقع پر ویمبلے اسٹیڈیم میں موجود تقریباً 75 ہزار سے زائد شائقین نے 29 سالہ فٹبالر کو کارنامے پر مبارکباد دی، نہ صرف انگلش بلکہ سوئس شائقین نے بھی انگلش کپتان کو تاریخ میں اپنا نام لکھوانے پر پر دل کھول کر داد سے نوازا، مقررہ وقت کے اختتام پرمیچ کا نتیجہ 2-0 سے انگلینڈ کے حق میں رہا، یہ ٹیم کی یورو کوالیفائنگ راؤنڈ میں لگاتار آٹھویں فتح رہی۔

کوچ روئے ہڈجسن نے کہاکہ رونی اس ریکارڈ کو مزید بہتر اور بوبی چارلٹن کی طرح انگلینڈ کو ورلڈ کپ کا حقدار بھی بنوا سکتے ہیں۔دوسری جانب ایونٹ کے دیگر میچز میں سولنا میں آسٹریا نے سوئیڈن کو 4-1 سے شکست دے کر فائنلز کیلیے کوالیفائی کرلیا،آسٹرین ٹیم دوسری مرتبہ یورو چیمپئن شپ کا حصہ بنی، اس سے قبل آسٹریا نے 2008 میں سوئٹزرلینڈ کے ساتھ بطور شریک میزبان ایونٹ کے مین رائونڈ میں جگہ بنائی تھی۔

فاتح مہمان ٹیم کیلیے ہارنیک نے 2 جبکہ ایلبا اور جینکونے ایک ایک گول بنایا، میزبان سوئیڈش ٹیم کا واحد گول انجری ٹائم میں ابراہیمووچ نے کیا۔دیگر میچز میں روس نے لینکنسٹن کو 7-0 سے کچل دیا، مقدونیہ کیخلاف اسپین نے 1-0 سے کامیابی حاصل کی، دفاعی چیمپئن کی کامیابی حریف پلیئر پاکووسکی کے اون گول کی مرہون منت رہی، سلواکیہ اور یوکرین کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، بیلاروس نے لگسمبرگ کو 2-0 سے ہرادیا۔
Load Next Story