جسٹس انور ظہیر جمالی پاکستان کے 24 ویں چیف جسٹس بن گئے

جسٹس انور ظہیر جمالی 3 اگست 2009 کو سپریم کورٹ کے جج بنے اور 15 ماہ تک چیف جسٹس رہیں گے


ویب ڈیسک September 10, 2015
جسٹس انور ظہیر جمالی 2007 میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جب کہ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر بھی تعینات رہے۔ فوٹو: پی آئی ڈی

سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس انور ظہیر جمالی پاکستان کے 24 ویں چیف جسٹس بن گئے ہیں۔

صدر پاکستان ممنون حسین نے جسٹس انور ظہیر جمالی سے چیف جسٹس کا حلف لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف، مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزراء، سپریم کورٹ کے ججز اور نو منتخب چیف جسٹس کے عزیز و اقارب بھی موجود تھے۔

گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جواد ایس خواجہ 24 روز کی مختصر مدت کے بعد اپنے منصب سے ریٹائر ہوئے تھے جب کہ صدر پاکستان نے 10 ستمبر 2015 کو جسٹس انور ظہیر جمالی کی بطور چیف جسٹس نامزدگی کی منظوری دی تھی۔

جسٹس انور ظہیر جمالی کا تعلق سندھ کے شہر حیدر آباد سے ہے، انھوں نے بطور جج بہت سے اہم فیصلے سنائے اور ان کا شمار بھی ان ججز میں ہوتا ہے جنہوں نے 2007 میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کر دیا تھا۔ جسٹس انور ظہیر جمالی 27 اگست 2008 میں سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تعینات ہوئے جب کہ 3 اگست 2009 کو سپریم کورٹ کے جج بنے۔

جسٹس انور ظہیر جمالی جولائی 2014 میں 5 ماہ کے لئے قائم مقام چیف الیکشن کمشنرکےعہدے پر بھی تعینات رہے۔ آپ 15 ماہ تک چیف جسٹس رہیں گے۔ جسٹس انور ظہیر جمالی کے چیف جسٹس بننے کے بعد جسٹس ثاقب نثار سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج بن گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں