کراچی کےمختلف علاقوں میں رینجرز اورپولیس کی کارروائیاں40 سے زائد ملزمان گرفتار

رینجرز نے بھنگوریہ، یاسین آباد، رحمت کالونی، محمدی کالونی اور اختر کالونی جب کہ سی ٹی ڈی نے صدر میں کارروائی کی


ویب ڈیسک September 10, 2015
کراچی میں پولیس اور رینجرز کے دعوؤں کے باوجود ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے فوٹو: فائل

شہر میں گزشتہ چند روز میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ایک مرتبہ پھر تیزی آنے کے بعد رینجرز اور پولیس نے بھی کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 40 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

رینجرز نے بھنگوریہ گوٹھ، یاسین آباد، رحمت کالونی، محمدی کالونی اور اختر کالونی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، گھر گھر تلاشی کے دوران 24 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

رینجرز نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پرانی سبزی منڈی میں بھی کارروائی کی اور 14 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے صدر میں ایمپریس مارکیٹ کے قریب واقع اقبال پلازہ کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی۔ کارروائی کے دوران 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر سی ٹی ڈی سیل منتقل کردیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی علی رضا کا کہنا ہے کہ صدر سے حراست میں لئے گئے ملزمان حال ہی میں اس علاقے میں رہنے آئے تھے۔ حراست میں لیے گئے افراد سے ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے حوالے سے تحقیقات کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کو 2 برس مکمل ہونے پر رینجرز اور پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے شہر میں جرائم پر 70 فیصد تک قابو پالیا ہے تاہم اس کے بعد ایک مرتبہ پھر ٹارگٹ کلنگ شروع ہوگئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں