اخبارفروشوں کے یکساں کمیشن کے مطالبے پر مشترکہ کمیٹی بنانیکا فیصلہ

6 رکنی کمیٹی میں اے پی این ایس اور اخبار فروش فیڈریشن کے تین تین ارکان شامل ہونگے

6 رکنی کمیٹی میں اے پی این ایس اور اخبار فروش فیڈریشن کے تین تین ارکان شامل ہونگے۔ فوٹو: فائل

آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی اور آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن نے اخبارفروش فیڈریشن کے مطالبات اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کے ضابطہ اخلاق کوحتمی شکل دینے کیلیے ایک مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

اے پی این ایس ڈسٹری بیوشن ہول سیل اینڈ ریٹیل مارکیٹنگ کمیٹی کا آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے ساتھ 18 اکتوبر کو لاہورمیں کمیٹی کے چیئرمین الیاس شاکر کی زیر صدارت مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام صوبوں، اضلاع ،شہروں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والی فیڈریشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔اے پی این ایس کے صدرسرمد علی بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں اخبار فروش فیڈریشن کے مطالبات جس میں ہاکرز کمیشن کے ڈھانچے کوملک بھرمیں یکساں معیارپرتشکیل دینا شامل ہیں، پرغور کیا گیا۔


اے پی این ایس کے ترجمان نے اجلاس کو موجودہ معاشی بحران، روپے کی قدرمیں کمی اوردرآمدات اور پیداواری لاگت میں اضافے کے تناظر میں اخباری صنعت کی صورتحال سے آگاہ کیا۔تفصیلی بحث کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ چھ اراکین پر مشتمل مشترکہ کمیٹی،جس میں دونوں تنظیموں کے تین تین اراکین شامل ہوںگے،بنائی جائے گی جو30 نومبر 2012 سے قبل ہاکر کمیشن کے ڈھانچے کو ازسرنوتشکیل دینے اور اس میں یکسانیت پیدا کرنے کی سفارشات وضع کرے گی۔

اجلاس میں سرمد علی، الیاس شاکر، امتنان شاہد، مہتاب خان، جمیل اطہر،نیلو فرپٹیل،سعدیہ شریف،بلال محمود اور آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے چوہدری نذیر احمد(سینئر نائب صدر)،ٹکا خان(سیکریٹری جنرل) اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر اے پی این ایس کے صدر کی طرف سے شرکا کوعشائیہ دیا گیا۔
Load Next Story