کامن ویلتھ یوتھ گیمز پاکستانی سفر 2 سلورمیڈلز کے ساتھ ختم

24واں نمبرملا،دونوں تمغے ویٹ لفٹرز نے دلائے، اسکواش اورباکسنگ میں ناقص کارکردگی


Sports Desk September 11, 2015
ایونٹ میں شریک 63 ممالک میں سے پاکستان نے 24 واں نمبر حاصل کیا، ٹیم جنوبی ایشیا سے حصہ لینے والے 4 ممالک میں بھی سب سے پیچھے رہی: فوٹو: فائل

کامن ویلتھ یوتھ گیمز میں پاکستان کا سفر صرف 2 سلور میڈلز کے ساتھ ختم ہوگیا، ایونٹ میں پاکستان کے 9 ایتھلیٹس نے چار کھیلوں میں صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا.

تفصیلات کے مطابق جزائر سمائومیں دولت مشترکہ یوتھ گیمز میں بھی پاکستانی کھلاڑی قابل قدر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے، 9 رکنی اسکواڈ نے 4 کھیلوں میں شرکت کی، تین ویٹ لفٹرز میں سے طلحہٰ اور عبدالرحمان نے سلور میڈلز جیتے۔ اسکواش میں شریک دونوں پلیئرز سے میڈل جیتنے کی کافی امیدیں وابستہ تھیں لیکن سعدیہ گل اور اسرار احمد سیمی فائنل ہارنے کے بعد برانز میڈل میچز میں بھی شکست سے دوچار ہوگئے۔ ٹینس میں محمد مزمل کے ساتھ ردا خالد نے حصہ لیا، مزمل کوارٹر فائنل میں ناکام رہے جبکہ ردا کو پہلے ہی رائونڈ سے باہر ہونا پڑا۔ دونوں باکسرز پہلا ہی رائونڈ عبور کرنے سے قاصر رہے۔

ایونٹ میں شریک 63 ممالک میں سے پاکستان نے 24 واں نمبر حاصل کیا، ٹیم جنوبی ایشیا سے حصہ لینے والے 4 ممالک میں بھی سب سے پیچھے رہی، بھارت اس وقت 7 گولڈ میڈل سمیت 17 تمغوں کے ہمراہ چھٹے نمبر پر رہے،بنگلہ دیش نے آرچری بوائز مقابلوں میں ایک گولڈ اور ایک برانز میڈل جیتا اور پوائنٹس ٹیبل پر اس کا 17 واں مقام ہے، سری لنکن ایتھلیٹس نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ملک کو4 سلور اور 2 برانز میڈل کا حقدار بنایا۔

ایونٹ میں مجموعی طور پر 23 گولڈ میڈلز کے ساتھ آسٹریلیا نے برتری قائم کررکھی ہے، انگلینڈ 12 دوسرے اور روس اتنے ہی تمغے جیت کر تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔ اس کے بعد ملائیشیا اور نیوزی لینڈ کا نمبر آتا ہے۔ کامن ویلتھ یوتھ گیمز میں مقابلوں کا جمعے کو آخری روز ہوگا، رات کو رنگارنگ اختتامی تقریب کا بھی انعقاد کیا جانا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں