حرم شریف میں کرین گرنے سے 107 عازمین شہید 200 سے زائد زخمی

حادثہ مکہ مکرمہ میں ہونے والی طوفانی بارش کے باعث پیش آیا، عرب میڈیا


ویب ڈیسک September 11, 2015
حادثہ مکہ معظمہ میں ہونے والی طوفانی بارش کے باعث پیش آیا، عرب میڈیا

ISLAMABAD: حرم شریف میں تعمیراتی کام کے دوران کرین گرنے سے 107 عازمین حج شہید جب کہ 200 سے زائد زخمی ہوگئے جس میں 50 پاکستانی عازمین بھی شامل ہیں۔



عرب میڈیا کے مطابق حرم شریف میں تعمیراتی کام کے دوران کرین گرنے سے 107 عازمین شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے جس میں 14 پاکستانی بھی شامل ہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ مکہ مکرمہ میں طوفانی بارش کے باعث پیش آیا، حرم شریف میں نماز مغرب کے اوقات میں طوفانی بارش جاری تھی کہ اس دوران تعمیراتی کام کے دوران کرین گر گئی، حادثے کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔





عرب میڈیا کے مطابق مکہ کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ صحن حرم میں صفا کے باہر کے حصے میں پیش آیا اور اس دوران آسمانی بجلی بھی گری جب کہ حادثے کے وقت خانہ کعبہ میں 30 ہزار عازمین موجود تھے۔





دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف نے کرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید افراد کے بلند درجات کے لیے دعا کی ہے جب کہ وزیراعظم نے سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر کو زخمیوں کی عیادت کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

ادھر وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد سعودی عرب کے حج مشن سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ترجمان کے مطابق وزرات میں ہنگامی کال سینٹر قائم کردیا گیا ہے جس کے ذریعے معلومات کے لیے 8001166622 اور 042111725425 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے تاہم مکہ مکرمہ میں خراب موسم کے باعث موصلاتی رابطوں میں تعطل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں