چپس کی درآمد میں 25کروڑکی ڈیوٹی چوری بے نقاب

امپورٹرنے 20فیصدڈیوٹی کی حامل10کھیپوں پرفری ٹریڈایگریمنٹ کی ناجائز سہولت لی

پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے بے قاعدگی میں ملوث کمپنی سے 10روز میں جواب طلب کرلیا ۔ فوٹو : فائل

محکمہ کسٹمز کے ماتحت ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کسٹمزکراچی نے چپس (پرنگل اسنیک) کے درآمدی کنسائمنٹس کی کلیئرنس پر2 کروڑ44 لاکھ روپے سے زائد کی کسٹم ڈیوٹی و دیگر ٹیکسوں کی چوری بے نقاب کردی ہے۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کوبتایاکہ میسرز آئی بی ایل آپریشن پرائیوٹ لمیٹڈ نے کلیئرنگ ایجنٹ انوراصغربرادرزکے ساتھ مل کر2013 تا 2014کے دوران ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ اوراپریزمٹ ویسٹ سے چپس (پرنگل اسنیک)کے 10 کنسائمنٹس کی کلیئرنس کے لیے داخل کی جانے والی گڈز ڈیکلریشن میں پی سی ٹی 2004.1000 ظاہرکی جس پر فری ٹریڈایگریمنٹ کی ناجائزسہولت لیتے ہوئے کنسائمنٹس کی کلیئرنس صفر فیصدکسٹمزڈیوٹی کے عوض کی گئی جبکہ چپس (پرنگل اسنیک) کے کنسائمنٹ کی کلیئرنس پی سی ٹی 1905.900 کے تحت عمل میں آتی ہے جس پر 20فیصدکسٹمزڈیوٹی عائد ہوتی ہے۔


ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ درآمدکنندہ کی جانب سے پی سی ٹی کا غلط استعمال کیاگیاجس سے قومی خزانے کو مجموعی طورپر 2کروڑ44لاکھ 64 ہزار 542روپے کانقصان پہنچایا گیا۔

واضح رہے کہ ڈائریکٹرپوسٹ کلیئرنس آڈٹ کسٹمزگل رحمن کی جانب سے بے نقاب کی جانے والی ڈیوٹی و ٹیکسزکی چوری کے بعد متعدد درآمد کنندگان اورکسٹمزافسران میں بے چینی کی لہر پائی جارہی ہے اوردرآمدکنندگان ڈیوٹی وٹیکسزکی درست شرح کے مطابق ادائیگیاں کرنے پر مجبورہوگئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے بے قاعدگی میں ملوث درآمد کنندہ آئی بی ایل آپریشنز سے 10 روز کے اندر جواب طلب کرلیا گیاہے۔
Load Next Story