پاکستان کا بنگلہ دیشی بورڈ پرغصہ ٹھنڈا نہ ہو سکا

 لیگ کیلیے پلیئرزکو ریلیز کرنے کا فیصلہ نہیں کیا،آپشنز کا جائزہ لیں گے، شہریار

پاکستان نے بھارت سے سیریز نہ ہونے پر پلان بی کی صورت میں بنگلہ دیشی ٹیم سے کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی مگر منفی جواب ملا، فوٹو : فائل

پاکستان کا بنگلہ دیشی بورڈ پر غصہ ٹھنڈا نہ ہو سکا،چیئرمین شہریارخان کا کہنا ہے کہ پریمیئر لیگ کیلیے کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا، پہلے اپنے تمام آپشنز کا جائزہ لینگے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے بنگلہ دیشی بورڈ سے تعلقات گذشتہ کچھ عرصے سے زیادہ خوشگوار نہیں ہیں، سابق چیئرمین ذکا اشرف کے دورمیں ٹیم بھیجنے کا وعدہ کرکے مُکر جانے پر پاکستانی کھلاڑیوں کو بنگلہ دیشی لیگ میں شرکت سے روک دیا گیا تھا، اب یہ ایونٹ 25 نومبر سے 25 دسمبر تک شیڈول ہے، البتہ گرین شرٹ پلیئرز کی شرکت اب بھی یقینی نہیں، پاکستان نے بھارت سے سیریز نہ ہونے پر پلان بی کی صورت میں بنگلہ دیشی ٹیم سے کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی مگر منفی جواب ملا، اس سے پی سی بی خوش نہیں ہے۔


اسے امید تھی کہ تاریخوں میں تھوڑا ردوبدل کر کے سیریز کا انعقاد کر لیا جائیگا مگر ایسا نہ ہو سکا، ویمنز ٹیم کے دورے میں بھی بی سی بی سیکیورٹی وفد بھیجنے کے باوجود واضح جواب دینے سے گریز کر رہا ہے۔

اس حوالے سے جب نمائندہ ''ایکسپریس'' نے چیئرمین پی سی بی شہریارخان سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی لیگ کیلیے پلیئرز کو ریلیز کرنے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا، ہم اس حوالے سے اپنے تمام آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ نے تاحال ہمارے خط کا کوئی جواب نہیں دیا،اب یاددہانی کیلیے مزید کسی فوری رابطے کا امکان نہیں ہے، شہریارخان نے کہا کہ ہم ابھی ہمت نہیں ہارے، سیاسی کشیدگی میں کمی ہوئی تو دسمبر میں شیڈول سیریز کا انعقاد اب بھی ممکن ہوگا۔
Load Next Story