ڈوپنگ تنازع پاکیو نے مے ویدر سے دوبارہ فائٹ کا مطالبہ کردیا

سزابھی دی جائے (فلپائنی باکسر)الزامات مسترد،امریکی اسٹارنے حریف کوجھوٹا قراردیدیا


Sports Desk/AFP September 12, 2015
سزابھی دی جائے (فلپائنی باکسر)الزامات مسترد،امریکی اسٹارنے حریف کوجھوٹا قراردیدیا فوٹو : اے ایف پی

مینی پاکیو نے ڈوپنگ تنازع پر فلوئیڈ مے ویدر کو سزا اور ان کے ساتھ دوبارہ فائٹ کا مطالبہ کیا ہے،دوسری جانب امریکی اسٹارنے الزامات کی تردید کرتے ہوئے حریف کو 'جھوٹا' قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق فلپائن کے باکسر مینی پاکیو نے اپنے سخت حریف فلوئیڈ مے ویدر پر اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات پر سزا اور اپنے ساتھ دوبارہ فائٹ کا مطالبہ کردیا، رواں برس مئی لاس ویگاس میں متفقہ فیصلے پر مے ویدر سے ہارنے والے پاکیو نے نیواڈا اسپورٹس آفیشلز سے مے ویدر پر مناسب پابندی عائدکرنے کی درخواست کردی۔

اس انکشاف پر کہ پاکیو سے فائٹ سے قبل مے ویدر نے وٹامن اور منرلز کا انجیکشن لیا تھا مے ویدر اور یونائیٹڈ اسٹیٹس اینٹی ڈوپنگ ایجنسی دونوں کا کہنا ہے کہ باکسر کی کارروائیاں قانونی تھیں، البتہ پاکیو نے سوال کیا کہ صرف یو ایس اے ڈی اے نے ہی کیوں فائٹ کے تین ہفتے بعد نیواڈا اسٹیٹ ایتھلیٹک کمیشن (این ایس اے سی) کو اس بارے میں بتایا جبکہ اس وقت تک مے ویدر پہلے ہی یو ایس اے ڈی اے کی چھوٹ حاصل کرچکا تھا۔

جنوبی فلپائن میں اپنے گھر پر انھوں نے رپورٹرز کو بتایا کہ کیا وہ کوئی چیز چھپا رہے ہیں؟ شفافیت اور اسپورٹس کی اچھائی کیلیے این ایس اے سی کو یکساں رہنا چاہیے، اگر ضرورت محسوس ہو تو وہ اپنی ساکھ کی خاطر اور دنیا کو یہ دکھانے کیلیے کہ مے ویدر کیمپ کے ساتھ کوئی ترجیحی سلوک روا نہیں رکھا باکسر پر مناسب سزا عائد کرنی چاہیے۔

ایک اسپورٹس نیوز ویب سائٹ پر رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مے ویدر نے یکم مئی کو فائٹ سے قبل لاس ویگاس میں قوت بڑھانے والا ایک انجیکشن لے کر ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) کے قوانین کو توڑا۔ واڈا کے مطابق ایسے انجیکشنز لینے کی ممانعت ہے کیونکہ اس سے کارکردگی میں اضافہ اور ایتھلیٹ کے بائیولوجیکل پاسپورٹ کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

البتہ یو ایس اے ڈی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مے ویدر کی جانب سے انجیکشن لینے کی بات درست لیکن یہ ممنوعہ فہرست میں شامل نہیں،نہ ہی اس سے واڈا قوانین کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ ادھر لاس اینجلس میں مے ویدر نے ڈوپنگ الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ہمیشہ نیواڈا اور یو ایس اے ڈی اے کے قوانین کی پیروی کی، مجھے ایک شفاف ایتھلیٹ ہونے پر فخر ہے اور اس پر ہمیشہ قائم رہوں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں