ہوسٹن اسکواشفرحان اور دانش کوارٹر فائنل میں مدمقابل

دونوں پاکستانی پلیئرز نے ابتدائی رائونڈ باآسانی عبور کیا، شاہجہان اور شاہدکو شکست


Sports Desk September 12, 2015
دونوں پاکستانی پلیئرز نے ابتدائی رائونڈ باآسانی عبور کیا، شاہجہان اور شاہدکو شکست ۔فوٹو : فائل

ISLAMABAD: ہوسٹن اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں فرحان زمان اور دانش اطلس خان کوارٹر فائنل میں آمنے سامنے آگئے، ابتدائی رائونڈ میں دونوں پاکستانی پلیئرز نے حریفوں کو باآسانی شکست دی، شاہجہان خان اور شاہد حسین شکست کا شکار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی شہر ہوسٹن میں 10 ہزار ڈالر انعامی رقم کا پی ایس اے ایونٹ جاری ہے، گذشتہ روز چوتھے سیڈ پاکستانی کھلاڑی دانش اطلس خان نے کیمرون اسٹفورڈ کو اسٹریٹ گیمز میں 11-7,14-11 اور11-5 سے مات دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، ان کا سامنا ہم وطن فرحان زمان سے ہوگا ۔

جو ابتدائی میچ میں آئرلینڈ کے آرتھر گیسکن پر3-1 سے غالب رہے، پہلے گیم میں 11-9 سے کامیابی کے بعد فرحان دوسرے میں سخت مقابلے کے بعد 11-13 سے ناکام رہے، تیسرے اور چوتھے گیم میں انھوں نے 13-11 اور 11-4 سے کامیابی سمیٹتے ہوئے اگلے رائونڈ میں جگہ بنالی۔

دوسری طرف ایک اور نوجوان پاکستانی کھلاڑی شاہجہان خان نے تھرڈ سیڈ انگلش حریف ڈیکلن جیمز کو ٹف ٹائم دیا لیکن 1-3 کی ہار کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ۔

مین رائونڈ میں شریک ایک اور پاکستانی کھلاڑی شاہد حسین کو 8 سیڈ میکسیکن ایرک گلویز کیخلاف سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا۔ یادرہے کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے 6 کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا، عماد فرید اور جہاں زیب خان کوالیفائنگ رائونڈ ہی عبور نہ کرسکے۔ عماد نے ابتدائی میچ جیتا لیکن کوالیفائنگ فائنل میں انھیں انگلش کھلاڑی انتھونی گراہم نے سخت مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دیدی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں