فیفا پر ’’الیکشن فراڈ‘‘ نظراندازکرنے کا الزام عائد

اے ایف سی نے ممبر ممالک کو پلاٹینی کی حمایت کیلیے خطوط بھیجے،کورین امیدوار

اے ایف سی نے ممبر ممالک کو پلاٹینی کی حمایت کیلیے خطوط بھیجے،کورین امیدوار فوٹو : فائل

چنگ مونگ جون نے فیفا پر 'الیکشن فراڈ' نظراندازکرنے کا الزام عائد کردیا ہے، فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی کی قیادت کیلیے جنوبی کورین امیدوار نے دعویٰ کیاکہ ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے اپنے ہر رکن کو مائیکل پلاٹینی کی حمایت کیلیے خط لکھا ہے۔

اے ایف سی نے ایک بیان میں خطوط لکھنے کی تردید نہیں کی البتہ اس کا کہنا ہے کہ ممبران اپنی خواہش کے مطابق ووٹ دینے کیلیے آزاد ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی کورین فیفا صدارتی امیدوار چنگ مونگ جون نے گذشتہ روز الزام لگایاکہ فٹبال کی گورننگ باڈی نے ان کے حریف اور فرنٹ رنر مائیکل پلاٹینی کی حمایت کیلیے کوشش کو نظر اندازکردیا ہے۔ چنگ نے گذشتہ ہفتے دعویٰ کیا تھا کہ اے ایف سی نے تقریباً اپنے ہر رکن کو پلاٹینی کی حمایت کیلیے خط لکھا ہے۔


انھوں نے فیفا کی ایڈہاک الیکشن کمیٹی سے یوئیفا صدر پلاٹینی اور اے ایف سی صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کیخلاف تحقیقات کے لیے کہا، ان کا کہنا ہے کہ دونوں اپنے عہدوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انتخابی عمل پراثرانداز ہورہے ہیں۔ البتہ الیکشن کمیٹی نے چنگ کو فوری جواب میں کہا کہ قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہورہی ہے، ہم ان الزامات کی ہر ممکنہ طریقے سے تردید کرتے ہیں۔

یہ الیکشن فراڈ کی حمایت کے مترادف ہے۔ چنگ کے الزامات کی بنیاد اے ایف سی کا ایک خط ہے جو نیشنل فٹبال فیڈریشنز کو لکھا گیا، اس کا موضوع 'فیفا صدر کے عہدے کیلیے مسٹر ایم پی (مائیکل پلاٹینی) کی امیدواری اور تجویز کی حمایت' ہے۔ اے ایف سی کے بیان میں خطوط لکھنے کی تردید نہیں کی گئی ، خط میں یہ بھی کہا گیا کہ تمام نیشنل فٹبال ایسوسی ایشنز اپنی خواہش کے مطابق ووٹ دینے کیلیے آزاد ہیں۔

فیفا انتخابی مہم پہلے ہی گھٹیا چالوں کے الزامات کے ساتھ ایک تلخ صورت اختیار کررہی ہے۔ چنگ نے کہاکہ اگر وہ فروری کے انتخابات میں کامیاب ہوئے تو صرف ایک ہی مدت تک عہدے پر فائز رہیں گے۔
Load Next Story