اے جی پی آرکافیڈرل سروس ٹربیونل فیصلے پرعملدرآمد سے انکار

چاہے پھانسی دیں عمل نہیں کروںگا،حافظ طاہر،ٹربیونل نے15ستمبر تک مہلت دے دی

چاہے پھانسی دیں عمل نہیں کروںگا،حافظ طاہر،ٹربیونل نے15ستمبر تک مہلت دے دی فوٹو: فائل

فیڈرل سروس ٹربیونل نے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے اور عدالت میں غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنانے پر اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان ریونیو حافظ محمد طاہر پر مقدمہ کے اخراجات کی مد میں دس ہزار روپے ڈال دیے ہیں جو وہ ذاتی حیثیت سے اپنی جیب سے ادا کریں گے۔


ٹربیونل نے اے جی پی آرکو پندرہ ستمبر تک عدالت کے فیصلہ پر عملدرآمدکیلیے آخری موقع دیا ہے۔فیڈرل سروس ٹربیونل نے ٹربیونل کے ملازمین کو سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق جوڈیشل الاؤنس،یوٹیلٹی الاؤنس،کار الاؤنس اور اسپیشل جوڈیشل الاؤنس دینے کے فیصلہ پر عملدرآمدکی ہدایت کی تھی تاہم اے جی پی آر حکام تاحال عملدرآمدکرنے سے گریزاں ہیں۔گزشتہ روز ڈاکٹر نذیر سعید،سید محمد حامد اور جاوید اقبال کاسی پر مشتمل فیڈرل سروس ٹربیونل کے3 رکنی اسپیشل بینچ نے سماعت کی۔

اکاؤنٹنٹ جنرل کی عدم موجودگی پر عدالت نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے انھیں فوری طور پر طلب کیا،اکاؤنٹنٹ جنرل نے پیش ہوکرکہاکہ وہ ٹربیونل کے فیصلہ پر عملدرآمد نہیں کریں گے چاہے عدالت پھانسی دے دے ۔ ٹربیونل نے غیر مناسب رویہ پر ان پر مقدمہ کے اخراجات کی مد میں دس ہزار روپے ڈال دیے اور احکامات میں کہاکہ دس ہزار روپے کی ادائیگی اکاؤنٹنٹ جنرل اپنی جیب سے ادا کریں گے اور انھیں آئندہ پیشی15ستمبر2015 تک ادائیگی کی رسید پیش کرنے کی ہدایت کی۔ٹربیونل نے اے جی پی آرکو پندرہ ستمبر تک ٹربیونل کے فیصلہ پر عملدرآمدکرنے کیلیے آخری موقع دیا ہے ۔
Load Next Story