پودے ہی پودے پھول ہی پھول

ویب سائٹ میں پودوں کے متعلق انسائیکلو پیڈیا بھی شامل ہے، جس میں اندازاً ہزاروں پودوں کے متعلق معلومات موجود ہیں


Munira Adil September 13, 2015
ویب سائٹ میں پودوں کے متعلق انسائیکلو پیڈیا بھی شامل ہے، جس میں اندازاً ہزاروں پودوں کے متعلق معلومات موجود ہیں:فوٹو فائل

ISLAMABAD: انٹرنیٹ علم اور معلومات کی فراہم کا ایک اہم ذریعہ ہے، شرط یہ ہے کہ ہم اس وسیلے سے فائدہ اٹھانا چاہیں۔ ''ویب دریچے'' کے زیرعنوان شروع کیے جانے والے اپنے اس نئے سلسلے میں ہم قارئین کو ایسی ویب سائٹس سے متعارف کرائیں گے جو ان کی روزمرہ کی زندگی میں سودمند ثابت ہوسکتی ہیں۔ امید ہے کہ قارئین کو یہ سلسلہ پسند آئے گا اور وہ اِس سے مستفید ہوں گے۔

سرسبز و شاداب باغیچے کا تصور ہی دل و دماغ کو ٹھنڈک کا احساس عطا کرتا ہے۔ اسی لیے باغ بانی کو مفید مشغلہ قرار دیا جاتا ہے۔ پھولوں کی مہک اور سبزے کو دیکھ کر تازگی کا جو احساس جاگتا ہے وہ ذہنی دباؤ کا خاتمہ کرتا ہے۔ مزاج پر خوش گوار اثرات مرتب کرتا ہے۔ اس کے علاوہ اپنے ہاتھ سے اگائی سبزیوں کو پکانے یا کھانے کا مزہ ہی الگ ہے۔

ان کی تازگی اور ذائقہ جداگانہ ہوتا ہے۔ بہترین منصوبہ بندی کے تحت کی گئی باغ بانی معاشی خوش حالی کا باعث بھی بنتی ہے۔ باغ بانی ایک ایسا مشغلہ ہے جس کے بنیادی اصول سیکھ لیے جائیں تو وقت کے ساتھ ساتھ مہارت حاصل ہوجاتی ہے۔ یہ مشغلہ ہمیشہ خوشی کا احساس عطا کرتا ہے۔ گھر میں موجود لان ہو یا چھوٹی کیاریاں ہوں یا راہداری میں رکھے مٹی کے گملے ہوں، دیوار پر لگی منی پلانٹ کی بیلیں یا اندرون خانہ رکھے پودے ہوں۔

پودوں کی رنگت، خوشبو اور سبزہ ماحول میں تازگی کا احساس جگاتا ہے۔ یوں تو باغ بانی سیکھنے کے لیے ماہر باغ بانوں سے مدد لینے کے علاوہ اپنے اطراف میں موجود باغ بانی کے دل دادہ افراد سے بھی مشورہ لیا جاسکتا ہے، لیکن فی زمانہ انٹرنیٹ پر بھی بے شمار ویب سائٹس باغبانی کے متعلق راہ نمائی کرتی ہیں۔ ان میں سے چند ویب سائٹس پیش خدمت ہیں:

٭www.gardening.about.com

باغ بانی کے شائقین کے لیے اس سائٹ ہر بہترین معلومات مہیا کی گئی ہیں۔ مثلاً اگر آپ سبزی اگانا چاہتے ہیں تو کس طرح پودے لگائیں کہ زیادہ سبزی حاصل کی جاسکے۔ باغ کو سرسبز و شاداب بنانے کے طریقے، مختلف پودے اگانے کے طریقے، پھولوں کے پودوں کی دیکھ بھال کے آسان طریقے وغیرہ وغیرہ۔ اس کے علاوہ اس میں باغ بانی سے متعلق معلومات کے علاوہ بھی بہت سی دل چسپ تحریریں شامل ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ کے پاس بہت سارے کھیرے ہوں تو آپ کو روزانہ کھیرے کی سلاد کھانے کی ضرورت نہیں بلکہ کھیرے کی دیگر ڈشز بھی پکانے کی تراکیب مع تصاویر کے لنک بھی موجود ہیں۔

باغ بانی کے شائقین اکثر باغ یا پودوں میں کیڑے لگنے سے پریشان رہتے ہیں۔ اس ویب سائٹ پر کیڑوں سے کیسے بچایا جائے اس کے آسان طریقے بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ موسم کے لحاظ سے اگنے والے پودوں کے متعلق معلومات کے ساتھ مختلف مہینوں میں باغ بانی کے حوالے سے پودوں اور باغ کی دیکھ بھال کے مختلف طریقے بھی شامل ہیں، تاکہ پھولوں کے پودوں کے علاوہ سبزی کا باغ بھی تادیر پھلتا پھولتا رہے۔ اس سائٹ پر دیگر مسائل کا حل بھی موجود ہے، جیسے سبزیاں اگانے والے باغ بان ٹماٹر کے اگنے کے بعد پریشان ہوجاتے ہیں۔ اگر تازہ ٹماٹر درمیان سے کٹا ہوا محسوس ہو یا ٹماٹر کا رس بہہ رہا ہے، اس کے لیے کیا کرنا چاہیے۔ غرض یہ کہ باغ بانوں کے لیے یہ ایک مفید ویب سائٹ ہے۔

٭www.wikipedia.org/wiki/gardening

wikipedia سے کون واقف نہیں۔ یہ آن لائن انسائیکلوپیڈیا آپ کو ہر موضوع کی مناسبت سے معلومات فراہم کرتا ہے۔ یہ ایک مفت انسائیکلوپیڈیا ہے۔ باغ بانی کے لحاظ سے بھی اوپر دیے گئے لنک پر سیرحاصل معلومات موجود ہیں۔ باغ بانی کیا ہے اور اس کی اقسام سے لے کر باغ بانی کی تاریخ تک مکمل معلومات اس پر موجود ہیں۔ قدیم دور میں باغبانی کیوں کی جاتی تھی۔ کیا طریقۂ کار تھا۔ اس کے علاوہ مختلف اقوام کے باغ بانی کے متعلق تفصیل سے تحریر ہے۔

دور قدیم سے لے کر اٹھارھویں صدی تک کی باغ بانی کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے جس میں گھریلو باغ بانی کے متعلق بھی معلومات درج ہیں۔ باغ بانی کی یہ تاریخ جس میں باغ بانی کے مختلف طریقے، مختلف ممالک کی باغبانی کا تذکرہ، باغ بانی کے مختلف انداز وغیرہ غرض اتنی دل چسپ معلومات ہیں کہ باغ بانی کا شائق قاری اس میں محو ہوجائے۔

اس کے علاوہ اس میں باغ بانی کی مختلف اقسام کے متعلق بھی تفصیل درج ہے۔ گھریلو باغ بانی سے لے کر باغیچوں تک سے متعلق تفصیلات کے علاوہ باغ بانی کی ہر قسم کی تفصیل سے بیان کرنے کے ساتھ کس جگہ باغبانی کرنی چاہیے، کس طرح کے گملوں کا انتخاب کیا جائے، کی بابت تمام تفصیلات درج ہیں۔یہ معلومات صرف باغ بانی تک ہی محدود نہیں بلکہ اس ویب سائٹ پر اپ کو باغیچوں، لان اور پودوں سے بھری راہ داری وغیرہ کی آرائشی اشیا کے متعلق بھی تفصیلات درج ہیں۔

اس کے علاوہ اس میں باغبانی کا کاشت کاری سے تقابل بھی پیش کیا گیا ہے۔ یہ بھی معلومات افزا تحریر ہے۔ مختلف معاشروں میں باغ کی ڈیزائننگ کو فن کی ایک صنف قرار دیا گیا ہے، ایک ایسی صنف جس میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا جاسکتا ہے، باغات ہوں یا گھر میں موجود لان چھوٹی بڑی تقریبات، میل جول وغیرہ کے لیے یہ پرسکون گوشہ بہترین ثابت ہوتا ہے۔باغبانی کرتے ہوئے کیڑوں سے پودوں کو بچانا ایک اہم مرحلہ ہوتا ہے۔

پودوں کو کن کن جانوروں اور کیڑوں سے خطرہ ہوتا ہے اور وہ کس طرح پودوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے کون سے طریقے اختیار کرنے چاہئیں، کس طرح باغ بانی کو کیڑوں سے محفوظ بنایا جائے۔ ان تمام طریقوں کے متعلق تفصیل سے بیان کرنے سے قاری کو باغ بانی کے متعلق سیر حاصل آگہی معلومات حاصل ہوتی ہے۔

اس تحریر میں باغبانی کے موضوع سے متعلق دیگر معلومات کے لیے بھی لنکس موجود ہیں، غرض باغ بان، باغ بانی سے شغف رکھنے والے ہوں یا باغ بانی کے متعلق تحریر کرنے کے خواہش مند، یہ ویب سائٹ ان تمام افراد کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوگی۔

٭www.gardenguides.com

اس ویب سائٹ پر بھی باغ بانی سے متعلق بے شمار معلومات موجود ہیں۔ مختلف پودے اگانے، پھولوں، پھلوں، جڑی بوٹیوں وغیرہ غرض یہ کہ گلاب کے پھول سے لے کر گھاس اگانے اور دیکھ بھال تک ہر طرح کی معلومات اس ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ اس کے علاوہ سو (100) مشہور اور سب سے زیادہ مقبول پودوں کے متعلق معلومات بھی موجود ہیں۔

اس کے علاوہ باغ کے مختلف ڈیزائن بھی بمعہ تصاویر شامل کیے گئے ہیں، جس سے آپ کو اپنا باغ ڈیزائن کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

پودے کہاں لگائے جائیں، کون سی جگہ مناسب رہے گی، مختلف اقسام کے باغ بانی کی جگہوں کے لحاظ سے مختلف طریقوں کو تصاویر کے علاوہ مختلف معلومات کو مختلف لنکس کے ذریعے بیان کیا گیا ہے۔ اس سائٹ پر ایسے فورمز کے لنک بھی دیے گئے ہیں جہاں اس موضوع کو زیر بحث لایا جاتا ہے۔ پودوں کے کیڑوں اور پودوں میں کیڑوں سے ہونے والے مسائل کے متعلق بھی معلومات درج ہیں۔ باغ کیسے تیار کیا جائے، پودے کیسے اُگائے جائیں، پودوں کی دیکھ بھال، کٹائی، پھولوں کو محفوظ کرنے کے علاوہ کھانے پکانے کی مختلف تراکیب بھی اس سائٹ پر تلاش کی جاسکتی ہیں۔

اس کے علاوہ باغیچے کے لیے مختلف اشیا بنانے کے طریقے بھی لنکس میں موجود ہیں۔ خصوصاً بچوں کو مصروف رکھنے کے لیے یہ سرگرمی بہت مفید ہے۔ نامیاتی باغبانی کے متعلق معلومات بھی اس میں موجود ہیں۔ مختلف کھانے پکانے کی تراکیب پر مشتمل ویڈیوز بھی شامل ہیں۔ یہ ویڈیوز اس لحاظ سے منفرد ہیں کہ ان میں پکانے سے قبل اگائے کا طریقہ بیان کیا گیا ہے۔ ان ویڈیوز کی یہ انفرادیت دیکھنے والوں کو دل چسپ محسوس ہوتی ہیں۔ غرض یہ ویب سائٹ باغ بانوں کے لیے انفرادیت کے ساتھ دل چسپی اور معلومات سے بھرپور ہے اور باغ بانی کے شائقین کی بھرپور رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

٭www.backyardgardener.com

باغ بانی کے شائقین کے لیے یہ ایک بہت اچھی ویب سائٹ ہے، جس پر باغ بانی سے متعلق بے شمار معلومات موجود ہیں۔ موضوعات کی مناسبت سے دیگر ویب سائٹس کے لنکس بھی اس ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ اس ویب سائٹ میں پودوں کے متعلق انسائیکلو پیڈیا بھی شامل ہے، جس میں اندازاً ہزاروں پودوں کے متعلق معلومات موجود ہیں، جس کو پودوں کے نام سے تلاش کیا جاسکتا ہے۔ ویب سائٹ پر تحریر ہے کہ یہ انسائیکلو پیڈیا دنیا کا سب سے بڑا انسائیکلو پیڈیا ہے۔ اس کے علاوہ اس ویب سائٹس پر فورم موجود ہے، جہاں باغ بانی سے متعلق کسی بھی موضوع پر بات کی جاسکتی ہے

۔اس ویب سائٹ کو کھولتے ہی بائیں ہاتھ کی جانب مختلف کیٹیگریز لکھی ہوئی نظر آتی ہیں۔ اپنی دل چسپی کی کیٹیگری پر کلک کرتے ہی موضوع کی مناسبت سے معلومات اور اس سے متعلقہ دیگر ویب سائٹس کے لنکس بھی سامنے نظر آئیں گے اس ویب سائٹ پر موجود معلومات، باغبانی کے طریقے اور کار آمد باتیں باغبانی کے شائقین کے لیے بے حد مفید ثابت ہوتی ہیں اس کے علاوہ اگر کوئی خاص معلومات درکار ہو اور ویب سائٹ پر ڈھونڈنے میں مشکل پیش آرہی ہو تو Search پر کلک کریں اور پودے کا نام تحریر کریں۔

٭www.gardeningpakistan.com

باغ بانی سے متعلق مختلف موضوعات پر بحث، تبادلہ خیال، مختلف سوالات، جوابات اور باغ بانی سے متعلق معلومات کے لیے اس سائٹ پر بہت سے فورم موجود ہیں۔ باغ بانی کے بارے میں خبروں، واقعات، تجاویز، آرا کے متعلق یہ ایک اچھی ویب سائٹ ہے جہاں باغ بانی کی بابت ہر مسئلے کا حل موجود ہے۔ اس کے علاوہ اپنا مسئلہ پوسٹ کرکے آپ دیگر ممبرز سے اس کا حل بھی طلب کرسکتے ہیں۔ غرض یہ ویب سائٹ باغ بانی سے متعلق مختلف موضوعات، مسائل کے حل اور مختلف پھول، پودوں، کچن گارڈن وغیرہ کے بارے میں معلومات فراہم کرتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں