پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ مزیداپ گریڈ کیے جانیکا امکان

اسٹینڈرز اینڈ پورزکی ٹیم اقتصادی کارکردگی کے جائزے کیلیے 3روزہ دورے پر آئندہ ہفتے آئیگی


Irshad Ansari September 13, 2015
اسٹینڈرز اینڈ پورزکی ٹیم اقتصادی کارکردگی کے جائزے کیلیے 3روزہ دورے پر آئندہ ہفتے آئیگی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی اسٹینڈرڈ اینڈ پُورزکی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ مزید اپ گریڈ کیے جانے کا امکان ہے جس کے لیے اسٹینڈرز اینڈ پُورز کی ٹیم پاکستان کی اقتصادی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے تین روزہ دورے پر آئندہ ہفتے پاکستان آئے گی۔

اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ اسٹینڈرڈ اینڈ پُورز کی جائزہ ٹیم پندرہ ستمبر سے سترہ ستمبر تک پاکستان میں قیام کرے گی اوروزارت خزانہ،وزارت تجارت سمیت دیگر متعلقہ وزارتوں کے حکام سے ملاقاتیں کرے گی۔ علاوہ ازیں مذکورہ ٹیم کا پاکستان میں قیام کے دوران وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سمیت دیگر اعلی حکام سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے آئندہ ہفتے وزارت خزانہ میں پاکستان کی اقتصادی ٹیم اور اسٹینڈرڈ اینڈ پُورز کی جائزہ ٹیم کے درمیان تفصیلی مذاکرات ہوں گے جس میں پاکستان کی اقتصادی ٹیم کی جانب سے اسٹینڈرڈ اینڈ پُورز کو ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال اور اقتصادی اشاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹینڈرڈ اینڈ پُورز کو پاکستان کی اقتصادی ٹیم کو ملک کی اقتصادی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دینے کے لیے وزارت خزانہ کی جانب سے تیاریاں حتمی مراحل میں ہیں اور جن وزارتوں و ڈویژنوں کی جانب سے ابھی تک اقتصادی کارکردگی و اقتصادی اشاریوں کے بارے میں تفصیلات نہیں بھجوائیں اُنہیں ہدایت کی گئی ہے کہ پیر کی صُبح تک ہر حال میں تفصیلات فراہم کی جائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹینڈرڈ اینڈ پُورز کی جائزہ ٹیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے بھی خصوصی پریزنٹیشن دی جائے گی۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ غالب امکان ہے کہ پاکستان کی اقتصادی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی اسٹینڈرڈ اینڈ پُورز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ اپ گریڈکردی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں