رواں سال زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب ڈالر تک لے جائیں گے اسحق ڈار

شرح سود میں کمی سے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی، وزیر خزانہ


Numaindgan Express September 13, 2015
2015ء کے دوران برآمدات کے ہدف کے حصول کیلئے تمامتر اقدامات کئے جائیں گے، اسحاق ڈار۔فوٹو:فائل

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ رواں سال کے آخر تک ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر21ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔

وزیر خزانہ نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں 0.5 فیصد کمی کرنے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شرح سود میں کمی ملکی معیشت کے مستحکم ہونے کا اظہار ہے۔ شرح سود میں کمی سے ملک میں اقتصادی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی جس سے اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ 2015ء کے دوران برآمدات کے ہدف کے حصول کیلئے تمامتر اقدامات کئے جائیں گے۔ دریں اثناء پاکستان میں جرمن سفیر انا لیپل نے ہفتہ کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقاتکی۔

وزیر خزانہ نے جرمن سفیر کو قبائلی علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی کے بارے میں حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عارضی بے گھر افراد کی بحالی میں مدد کرنے پر ہم جرمن حکومت اور ترقیاتی پارٹنرز کے شکرگزار ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت کے سرکاری ہسپتالوں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ایم این اے ڈاکٹر طارق فضل چودھری کے ہمراہ مطالبات کی منظوری کیلئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ہیلتھ الاؤنس کو غیرمنجمند کرنے سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے وزارت کے ریگولیشن ونگ کو ہیلتھ الاؤنس کی بحالی کیلئے مالی و قانونی پیچیدگیاں فوری دورکرنے کیلئے کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے وفدکو یقین دلایاکہ ہیلتھ الاؤنس کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں