شجاع خانزادہ کے قتل میں ملوث افراد گرفتار ہو چکے رانا ثناء اللہ

پی ٹی آئی رہنماؤں اور شیخ رشید سمیت جن لوگوں کوبھی دھمکیاں ملی ہیں انہیں سیکیورٹی دینےکیلئے تیارہیں، صوبائی وزیر قانون

تفتیش کے باعث شجاع خانزادہ کے قتل میں ملوث افراد کے نام ظاہر نہیں کر سکتے، رانا ثناء اللہ. فوٹو: فائل

وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ سابق وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کے قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور حصہ لے رہی ہے اور جو عناصر بھی اس میں ملوث ہیں ان کا خاتمہ کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کے قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے تاہم تفتیش کے باعث ان کے نام ظاہر نہیں کر سکتے۔


تحریک انصاف کے رہنماؤں اور شیخ رشید کو طالبان کی دھمکیوں کے حوالے سے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو بھی دھمکیاں مل رہی ہیں انہیں سیکیورٹی دینے کے لئے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اٹک میں شجاع خانزادہ اپنے ڈیرے پر لوگوں کے مسائل سن رہے تھے کہ خود کش حملہ آور نے ان کے قریب آ کر خود کو اڑا دیا جس کے نتیجے میں شجاع خانزادہ سمیت 19 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
Load Next Story