وزیر اعظم ایکسپورٹ پروموشن پیکیج جلد دیں گے خرم دستگیر

ایکسپورٹرز سے مذاکرات میں تجاویز اسٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک میں شامل کی جائینگی، خرم دستگیر


Khususi Reporter September 14, 2015
برآمدات بڑھانے کی ذمے داری پوری حکومتی مشینری کو سونپی گئی ہے، وفاقی وزیر تجارت۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

KABUL: وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے برآمدات میں اضافے کی ذمے داری پوری حکومتی مشینری کو سونپی ہے اور اس کیلیے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

تاجروں کے ساتھ ہونے والے اس اجلاس میں روایتی برآمدی سیکٹرز کے علاوہ غیر روایتی سیکٹرز کی برآمدی صلاحیت سے بھی مکمل آگہی حاصل کی گئی ہے۔ ایکسپورٹرز سے حالیہ مذاکرات کے نتیجے میں وزیر اعظم ایکسپورٹ پروموشن پیکج کا جلد اعلان کریں گے۔ اس سلسلے میں وزارت تجارت میں تیار کیے جانے والے اسٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک 2015-18 میں بھی ان مذاکرات کے ذریعے حاصل شدہ مفید پالیسی مشوروں کو شامل کیا جائے گاجس کا اعلان جلد ہی کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم کی ایکسپورٹرز کے ساتھ طویل ملاقات برآمدات سے متعلق حکومتی اپروچ میں واضح تبدیلی کی مظہر ہے جس سے برآمدات کو ایک مثبت تحریک ملے گی۔

ایکسپورٹرز کے مسائل کے حل کیلیے حکومت نے کل حکومتی اپروچ اپنائی جو ملکی تاریخ میں معاشی ایشوز کیلیے ماضی میں کبھی استعمال نہیں کی گئی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ تاجروں اور مینوفیکچررز کی گیارہ تنظیموںکے مسائل کے حل کیلیے تمام متعلقہ حکومتی نمائندوں کے وزرا اور سیکریٹریز اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میںوزارت تجارت، پٹرولیم اور قدرتی وسائل، پانی و بجلی، پلاننگ کے وزرا اور سیکریٹریز، ریونیو پر وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی، چیئرمین ایف بی آر، چیف ایگزیکٹو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، وزارت صنعت و پیداوار اور ٹیکسٹائل کے سیکریٹریز اور اسٹیٹ بینک کے نمائندے شامل تھے۔ تاجروں کے اس نمائندہ وفد نے مندرجہ بالا حکومتی نمائندوں اور وزیر اور سیکریٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی کی موجودگی میں وزیر اعظم سے ملاقات کی اور انھیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں