را موساد اور امریکی سی آئی اے نادرا ڈیٹا تک پہنچ سکتی ہیں حساس ادارہ

نادرانے انگوٹھوں کے نشانات والاآٹومیٹک آئیڈنٹی فکیشن سسٹم جس کمپنی سے خریداوہ اسرائیلی ہے، ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ


دانش حسین September 14, 2015
محفوظ سافٹ ویئر،ہارڈویئر ڈیولپ کیے جائیں اور اس کے لیے حریف کے بجائے دوست اور قابل اعتماد ملکوں پرانحصار کیاجائے،نادرا کو خط میں مشورہ۔ فوٹو: فائل

لاہور/ KARACHI: ملک کے ایک حساس ادارے نے نادرا ریکارڈ کی لیکیج کے خطرے کا انکشاف کرتے ہوئے کہاہے کہ اس اہم سرکاری ادارے کے پورے ڈیٹابیس کے دشمن جاسوس ایجنسیوں کے ہاتھ لگنے کا بھرپور امکان ہے۔

ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق حساس ادارے نے نادراکے سربراہ کوتحریری طورپر اپنے شکوک سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگوٹھوں کے نشانات لینے والاآٹومیٹک فنگرپرنٹ آئیڈنٹی فکیشن سسٹم (AFIS) نادرا نے 2004 میں فرانسیسی کمپنی سیگم سے خریداتھا جس کا حقیقی تعلق اسرائیل سے ہے۔ اس اہم نظام سے منسلک ہونے کی صورت میں دانستہ یا نادانستہ طورپر قوم کا ڈیٹابیس لیک ہوکر کسی تک بھی پہنچ سکتاہے۔ نادراکو تجویزدی گئی ہے کہ اس سلسلے میں محفوظ سافٹ ویئر، ہارڈویئرڈیولپ کیے جائیں اور اس کے لیے حریف اورمخالف ممالک کے بجائے دوست اور قابل اعتماد ملکوں پرانحصار کیاجائے۔

اس حوالے سے نادراکے ترجمان سے کانکتہ نظر جاننے کے لیے 2 ستمبر کو ان سے رابطہ کیا گیا اورانھیں ایک سوال نامہ بھیجا گیا مگر انھوں نے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ میڈیا کے ایک نمائندے نے اپنا نام راز رکھنے کی شرط پر بتایا کہ حساس ادارے کی رپورٹ کے حوالے سے نادراکی طرف سے اقرار کیا جارہا ہے نہ انکار۔ اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے نادرا سے وابستہ بعض تکنیکی ماہرین نے اس دعوے کو یکسررد کرتے ہوئے کہاکہ نادراکا ڈیٹا بیس انٹرنیٹ پر میسر نہیں ہے۔ چنانچہ ہیکنگ یا لیکنگ کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ مزید یہ کہ2004میں نادرانے اس کی خریداری سے قبل کلیئرنس لی تھی۔

2012 میں بھی حساس ادارے نے یہی اعتراض کیا اور اتمام حجت کے لیے اس سافٹ ویئر کا ٹیکنیکل آڈٹ کیاتھا۔ انھوں نے یہ بھی کہاکہ سیگم اب سیگم مارفو کے نام سے کام کررہی ہے اور یہ پاک آرمی کے وینڈرزمیں بھی شامل ہے۔ ایک سیکنڈ میں تقریباً 7ملین فنگرپرنٹس کی تصدیق کرنے والے اس نظام کی حوالگی کے وقت نادرا کے اس وقت کے سربراہ بریگیڈیئر سلیم معین نے کہاتھا کہ اب نادرا جدید ترین ٹیکنالوجی کی بدولت کسی بھی فرضی درخواست گزارکی تصدیق کرنے کی راہ روکنے کی اہلیت رکھتاہے۔ اس کے باوجود جنگجوؤں سمیت ہزاروں غیرملکی خودکو ملکی ڈیٹابیس میں رجسٹرکرانے میں کامیاب ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں