ٹریفک کے بڑھتے دباؤ نے کراچی کو خوبصورت چورنگیوں سے محروم کر دیا

شہرکی خوبصورت قدیم چورنگیوں پرٹریفک سگنل، فلائی اوور اورانڈرپاس تعمیرکردیے گئے، فوارے لگی چورنگیاں قصہ بن گئیں


انعم مشکور September 15, 2015
ان چورنگیوں کوشہری آج بھی ان کے پرانے ناموں سے ہی پکارتے ہیں،سرسبزچورنگیاں عوامی تفریح کا ذریعہ تھیں،ماہرین تعمیرات فوٹو : فائل

کراچی کی خوبصورت و سرسبز چورنگیاں کبھی شہر قائد کی پہچان تھیں، چورنگیوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے پر گزشتہ 10سال کے دوران شہر بھر کی چورنگیوں کا ڈیزائن تبدیل کرکے چھوٹی کردی گئی ہیں، متعدد خوبصورت چورنگیوں کو ٹریفک کی روانی میں حائل ہونے کے سبب ختم کرکے ٹریفک سگنل اور فلائی اورز تعمیر کردیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گرومندر چورنگی، ناگن چورنگی، لسبیلہ چورنگی، ناظم آباد ایک نمبر چورنگی، اللہ والا چورنگی، جیل چورنگی، حسن اسکوائر چورنگی، بورڈ آفس چورنگی، خالد بن ولید چورنگی، کے ایم سی کمپلیکس، خداداد چورنگی اور گلشن چورنگی ،سمبرین چورنگی سمیت کئی چورنگیاں گزرتے کے وقت کے ساتھ نئے منصوبوں کے باعث ختم کردی گئیں یا صرف ٹریفک سگنل تک محدود کردی گئی ہیں مگر شہر ی آج بھی قدیمی چورنگیوں کو ان کے پرانے نام سے ہی پکارتے ہیں۔

ماہرین تعمیرات کے مطابق خوبصورت و سرسبز چورنگیاں دیدہ زیب ہونے کے ساتھ ساتھ عوام کی تفریح کا ذریعہ تھیں،کراچی اپنی خوبصورت چورنگیوں کے حوالے سے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے مگر تیزی سے بڑھتی شہر کی آبادی اور اسی تناسب سے بڑھتے ٹریفک کے دباؤ نے شہر کو خوبصورت چورنگیوں سے محروم کردیا ہے۔

سرسبز خوبصورت چورنگیاں جہاں ایک جانب شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کا سبب تھیں وہیں ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی تھیں مگر نئے رہائشی اور تعمیراتی منصوبوں اور بڑھتے ٹریفک کے دباؤ پر قابو پانے کے لیے شہر کی مشہور خوبصورت چورنگیوں کو تو ختم کردیا گیا مگر اس کے متبادل ماحول دوست عوامل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں