اپر دیر کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی نے میدان مارلیا

ضمنی انتخاب میں جماعت اسلامی کے ملک اعظم خان اور پیپلزپارٹی کے صاحبزدہ ثناء اللہ کے درمیان مقابلہ ہے


ویب ڈیسک September 15, 2015
پی کے 93 میں دوسری مرتبہ ضمنی انتخاب ہورہا ہے، فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے93 اپر دیر کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے صاحبزادہ ثناء اللہ نے 20200 ووٹ لے کر جماعت اسلامی کے اعظم خان کو شکست دے دی۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے93 اپر دیر کے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے صاحبزادہ ثناء اللہ نے جماعت اسلامی کے اعظم خان کو شکست دے کرضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرلی، پیپلز پارٹی کے صاحبزادہ ثناء اللہ نے 20200 جب کہ جماعت اسلام کے اعظم خان نے 16003 ووٹ حاصل کیے۔

پی کے93 اپر دیر میں کے ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو کہ شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہا۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹر زکی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 76 ہے، جن میں سے90 ہزار 368مرد جب کہ 57 ہزار 708 خواتین ووٹرز ہیں، مجموعی طور پر 120 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 14 مردانہ ، 14 خواتین کے اور 92 مشترکہ پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے۔

جماعت اسلامی کے ملک اعظم خان اور پیپلزپارٹی کے صاحبزدہ ثناء اللہ کے درمیان مقابلہ ہوا تاہم آزاد امیدوار جمشید خان بھی فتح کی امید لئے میدان میں موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے امیدوار کو حکمران جماعت ، تحریک انصاف اور قومی وطن پارٹی کی حمایت حاصل تھی جبکہ اے این پی ، جمعیت علماء اسلام (ف) ، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کر رہی تھی۔

پولنگ کے دوران کسی بھی ناخواشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے خصوصی انتطامات کئے گئے تھے، 30 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 90 پولنگ سٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا ، ضمنی الیکشن کے موقع پر سات ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے۔

واضح رہے کہ پی کے 93 کی نشست امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی ، جس کے بعد ہونے والے ضمنی الیکشن میں جماعت اسلامی کے ملک بہرام خان کامیاب ہوئے تھے تاہم جعلی ڈگری کیس میں ان کی نااہلی کے بعد یہاں دوبارہ الیکشن ہو رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں