طاقتور اداروں کی دیگر اداروں کی حدود میں دخل اندازی خطرناک ہے آصف زرداری

تمام ادارے آئین میں دی گئی حدود کے اندر رہ کر کام کریں، شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک September 15, 2015
جمہوریت کے دشمن مختلف لبادہ اوڑھ کر سامنے آتے ہیں، آصف زرداری فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ طاقتور اداروں کی دیگر اداروں کی حدود میں دخل اندازی اچھا شگون نہیں اس لئے تمام ادارے آئین میں دی گئی حدود کے اندر رہ کر کام کریں۔

جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف جنگ کرنی چاہیے،مسائل سے نمٹنے وقت آئینی حدود اور اختیارات کے اندر رہنا چاہیے، تمام ادارے آئین میں دی گئی حدود کے اندر رہ کر کام کریں، طاقتور اداروں کی دیگر اداروں کی حدود میں دخل اندازی اچھا شگون نہیں۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ جمہوریت انتخابات منعقد کروا کر اقتدار منتقل کرنے کا نام ہی نہیں بلکہ آئین کی حدود کا احترام، شفاف احتساب اور مخالفین کی رائے کا احترام جمہوریت ہے۔ جمہوریت کے دشمن مختلف لبادہ اوڑھ کر سامنے آتے ہیں، ماضی میں براہ راست جمہوریت پر شب خون مارا گیا، آئین کو معطل کرکے ایل ایف او اور پی سی او متعارف کرائے ، جمہوریت دشمن جمہوریت کو نقصان پہنچانے کےطریقے تبدیل کررہے ہیں- اس لئے عوام کو جمہوریت کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا جانا چاہیے،اس کے علاوہ دہشت گرد اور انتہاپسند ذہنیت سے بھی جمہوریت کو خبردار رہنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔