شمالی کوریا کی ایک بار پھر امریکا پر ایٹمی حملے کی دھمکی

امریکی پالیسیوں نے مجبور کیا ہے کہ شمالی کوریا اپنے دفاع کے لیے جوہری ہتھیار تیار رکھے، پیانگ یانگ


امریکی پالیسیوں نے مجبور کیا ہے کہ شمالی کوریا اپنے دفاع کے لیے جوہری ہتھیار تیار رکھے، پیانگ یانگ، فوٹو:فائل

شمالی کوریا نے امریکا سمیت دیگر ممالک کو کم جونگ اور ان کی حکومت کے خلاف سازشیں بند نہ کرنے کی صورت پر ایٹمی حملے کی دھمکی دی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کی جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی پالیسیوں نے مجبور کیا ہے کہ ان کا ملک اپنے دفاع کے لیے جوہری ہتھیار تیار رکھے اس لیے شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیاروں کی تعداد اور ان کی صلاحیت میں اضافہ کررہا ہے اور اگر امریکا اور دیگر ممالک نے شمالی کوریا مخالف پالیسیاں جاری رکھیں تو وہ اپنے دشمنوں کے خلاف کسی بھی وقت ایٹمی ہتھیار استعمال کرسکتا ہے۔

جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ نے بتایا کہ شمالی کوریا ینگبیان میں واقع مرکزی جوہری کمپلیکس کو دوبارہ آپریشنل کررہا ہے جس میں یورینیم افزودگی کے پلانٹ اور5 میگا واٹ کے ایک ری ایکٹر نے معمول کے مطابق کام شروع کردیا ہے جب کہ تمام جوہری تنصیبات میں تبدیلی اور ان میں جدت بھی لائی گئی ہے۔ ینگبیان مرکز میں شمالی کوریا نے 3 جوہری تجربات کے لیے مواد تیار کیا تھا اور یہ کمپلیکس امریکا کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت 2007 میں بند کر دیا گیا تھا.

واضح رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے امریکا پر ایٹمی ہتھیاروں سے حملے کی دھمکی پہلی مرتبہ نہیں دی گئی بلکہ پیانگ یانگ کی جانب سے متعدد بار امریکا کو جوہری ہتھیار اسعمال کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ رواں سال امریکی صدر باراک اوباما کی جانب سے سونی پکچرز پر سائبر حملوں کا الزام شمالی کوریا پر لگانے پر بھی پیانگ یانگ نے ایٹمی ہتھیاروں سے حملہ کرنے کی دھمکی دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں