پی ایس ایل میں بنگلہ دیشی اسٹارز بھی جلوہ گرہونے کو تیار

شکیب الحسن اور تمیم اقبال نے شرکت کی خواہش ظاہر کردی،این او سی ملنے کا یقین

پاکستانی بورڈکی جانب سے ایونٹ کیلیے باضابطہ طور پررابطہ نہیں کیاگیا، بی سی بی ۔ فوٹو : فائل

بنگلہ دیشی اسٹارز بھی پاکستان سپر لیگ میں جلوہ گرہونے کو تیار ہیں، شکیب الحسن اور تمیم اقبال نے ایونٹ میں جلوہ گر ہونے کی خواہش ظاہر کردی، ان کا کہنا ہے کہ اگر ڈیل ہوگئی تو بورڈ سے این او سی بھی حاصل کرلیں گے، زمبابوے سے سیریز کے باعث دونوں کھلاڑیوں کی خدمات چند میچز کیلیے ہی دستیاب ہو سکیں گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن کا انعقاد 4 سے 25 فروری کے دوران قطر میں متوقع ہے، اس میں 25 کے قریب غیرملکی پلیئرز کی شرکت کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے، بنگلہ دیشی کرکٹرز شکیب الحسن اور تمیم اقبال بھی جلوہ گر ہونے کو تیار ہیں۔


شکیب نے کہاکہ اگر میں دستیاب ہوا تو ضرور ایونٹ میں حصہ لینا چاہوں گا، اگر کوئی ٹیم مجھے منتخب کرے اور قومی ذمہ داریاں متاثر نہیں ہوتیں تو مجھے پی ایس ایل کھیل کر خوشی ہوگی، البتہ فی الحال اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ تمیم اقبال نے کہاکہ اگر بورڈ اجازت دے تو مجھے پی ایس ایل کھیلنے میں کوئی بھی مسئلہ نہیں ہوگا، سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایسے کسی بھی ایونٹ سے ہماری قومی ذمہ داریاں متاثر نہیں ہونی چاہئیں۔

اگر مجھے موقع ملا تواین او سی کیلیے بی سی بی سے درخواست کروں گا۔دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے آفیشلز کا کہنا ہے کہ ہم سے پی ایس ایل کے حوالے سے پاکستانی بورڈ کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، ہم ایسا ہونے پر ہی کچھ کہہ سکیںگے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کو جنوری اور فروری میں زمبابوے سے سیریز بھی کھیلنی ہے اس لیے شکیب اور تمیم پی ایس ایل میں صرف چند میچز کیلیے ہی دستیاب ہوسکیں گے۔
Load Next Story