پاکستان سے سیریزانگلش ٹیم میں 3’اسپن کمانڈوز‘ شامل

معین اورعادل کا ظفرساتھ دیں گے،محدود اوورزکے فارمیٹس میں اسٹوکس کیلیے آرام


AFP/Sports Desk September 16, 2015
معین اورعادل کا ظفرساتھ دیں گے،محدود اوورزکے فارمیٹس میں اسٹوکس کیلیے آرام فوٹو؛ اے ایف پی

ISLAMABAD: انگلینڈ نے پاکستان سے یو اے ای میں شیڈول سیریز کیلیے تینوں اسکواڈز کا اعلان کردیا،حریف کو زیر کرنے کیلیے ٹیم میں ایک ساتھ 3 'اسپن کمانڈوز' شامل کرلیے گئے، معین علی اور عادل راشد کے ساتھ ظفر انصاری کو منتخب کرکے سلو بولنگ کو 'سہ آتشہ' بنا دیا گیا، معین الیسٹر کک کے ساتھ اوپنر کی ذمہ داری بھی ادا کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے پاکستان سے ٹیسٹ سیریز کیلیے 16 رکنی اسکواڈ میں معین علی اور عادل راشد کیساتھ تیسرے اسپنر 23 سالہ ظفر انصاری کو بھی شامل کرلیا، ان کا تعلق سرے کاؤنٹی سے ہے، معین ٹیسٹ میچز میں الیسٹر کک کے ہمراہ اوپننگ کرسکتے ہیں،اسکواڈ میں الیکس ہالز کو بھی رکھاگیا جو آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے میچز میں ناکام ثابت ہوئے تھے، ایڈم لیتھ اور گیری بیلنس کی کوئی جگہ نہیں بنی، دونوں ہی کینگروز کے خلاف ایشز سیریز میں بُری طرح ناکام رہے تھے۔

بیٹسمین جیمز ٹیلر نے ایک روزہ سیریز میں اچھی کارکردگی سے سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کیا ہے۔ٹوئنٹی 20 میچز کیلیے لنکا شائر کے لیفٹ آرم اسپنر اسٹیفن پیری کو واپس طلب کیا گیا، ان کے ساتھ کرس جورڈن بھی منتخب ہوئے جو سائیڈ اسٹرین سے مکمل طور پر نجات حاصل کرچکے، اس کی وجہ سے انھیں حالیہ ہوم سیریز میں باہر بیٹھنا پڑا تھا۔ بین اسٹوکس کو محدود اوورز کے فارمیٹس میں آرام دیا گیا ہے۔ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 13 اکتوبر سے ہوگا جس کے بعد 4 ون ڈے اور 3 ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے جائینگے۔

ٹیسٹ اسکواڈ کپتان کک، معین، جیمز اینڈرسن، ظفر، جونی بیئراسٹو، ای ین بیل، اسٹورٹ براڈ، جوز بٹلر، اسٹیون فن، الیکس ہالز، لیام پلنکٹ، عادل راشد، جوئے روٹ، بین اسٹوکس، جیمز ٹیلر اور مارک ووڈ پر مشتمل ہے۔ ون ڈے اسکواڈ میں کپتان ایون مورگن، معین، بیئر اسٹو، سام بلنگز، بٹلر، فن، ہالز، عادل، روٹ، جیسن روئے، جیمز ٹیلر، ریسی ٹوپلے، ڈیوڈ ویلی، ووئکس اور مارک ووڈ شامل ہیں، ٹوئنٹی 20 اسکواڈ میں کپتان مورگن، معین، بلنگز، بٹلر، ہالز، جورڈ، پیری، عادل، روٹ، جیسن، ریسی، جیمز ونسی، ڈیوڈ ویلی، کرس ووئکس اور مارک ووڈ موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں