نئی دلی سرکار پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات چاہتی ہے تو دعوت بھی خود دینی ہوگی پاکستان

مستقبل میں بھی حریت پسند کشمیری رہنماؤں سے ملاقاتیں جاری رہیں گی، مشیر خارجہ سرتاج عزیز


ویب ڈیسک September 16, 2015
بھارت چاہتا ہے کہ صرف دہشت گردی کے مسئلے پر بات ہو لیکن ہم کشمیر سمیت تمام امور پر بات چاہتے ہیں، سرتاج عزیز فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ اگر بھارت چاہتا ہے کہ نیویارک میں ہونے والے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی ملاقات ہو تو اس کے لئے دعوت بھی انہیں خود دینی ہوگی۔

بھارتی جریدے ہندوستان ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے کہ حریت پسند کشمیری رہنماؤں سے ملاقاتیں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خود بھارت میں حریت رہنماؤں سے مذاکرات نہ کرنے کے حوالے سے سخت رویہ اپنانے کے حوالے سے سوال اٹھ رہے ہیں۔

سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہی گزشتہ ماہ قومی سلامتی مشیروں کی سطح کے مذاکرات معطل کئے تھے لہذا مصالحت کا دوبارہ آغاز بھی انہیں ہی کرنا ہو گا، بھارت چاہتا ہے کہ نیویارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے اعظم ملاقات کریں تو دعوت بھی انہیں ہی دینا ہوگی۔

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت چاہتا ہے کہ صرف دہشت گردی کے مسئلے پر بات ہو لیکن ہم کشمیر سمیت تمام امور پر بات چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ نیویارک میں جنرل اسمبلی کا اجلاس ہونے جا رہا ہے جس میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم ایک ہی ہوٹل میں قیام پزیر ہوں گے لیکن کشیدہ سیاسی صورت حال کے باعث دونوں ممالک کے سربراہان میں ملاقات کا کوئی امکان نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں