ایف بی آر کا اربوں کی ٹیکس وصولی کیلیے اقدامات کا فیصلہ

مختلف قانونی کیسز میں حکم امتناع کے باعث 83 ارب روپے پھنسے ہوئے ہیں.

سرکاری، نجی ودیگر اداروں کاحاصل کردہ حکم امتناع خارج کرا کر وصولیاں کی جائیں گی، دستاویز فوٹو فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ٹیلی کام کمپنیوں کی طرف سے عدالت سے حاصل کردہ حکم امتناعی خارج کراکر ٹیلی کام کمپنیوں سے انٹرکنیکٹ سروسز پر معاف کرائے جانے والے 47 ارب روپے جبکہ نجی بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں(آئی پی پیز) سے سیلز ٹیکس کی مد میں 19ارب روپے اور 9 سرکاری و نیم سرکاری اداروں سے بھی مختلف قانونی فورمز سے حاصل کردہ حکم امتناعی خارج کراکر 11 ارب 77کروڑ روپے کے ٹیکس واجبات وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فرنچائز کمپنیوں سے فرنچائز سروس فیس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 5 ارب روپے بھی وصول کیے جائیںگے۔ ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق لارج ٹیکس پیئر یونٹ اسلام آباد کی طرف سے 2روز قبل چیف کمشنرز کانفرنس میں دی جانے والی پریزنٹیشن میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سیمنٹ سیکٹر سمیت دیگر شعبوں کے ذمے واجبات کی وصولی کے بارے میں ایف بی آر کی طرف سے متعددکیسوں میں نرم رویے کی وجہ سے اربوں روپے کا ریونیو پھنسا ہوا ہے۔


دستاویزکے مطابق سیمنٹ کی تیاری میں جپسم اور کلنر کی شرح 5:95 کی، اے ٹی آئی آر سی نے سیمنٹ سیکٹر کے حوالے سے تھرڈ پارٹی انفارمیشن کی ہدایت کی جبکہ پی سی ایس آئی آر نے بھی ایف بی آر کے موقف کی حمایت کی اور اگر سیمنٹ سیکٹر کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے تو ڈھائی ارب روپے کا ریونیو حاصل ہو گا۔ دستاویز میں ایل ٹی یو اسلام آباد کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ایپلٹ ٹربیونل کی طرف سے سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی سیکشن 8(2)کے تحت انرجی پرچیز پرائس اور کپیسٹی پرچیز پرائس کے درمیان ان پٹ ٹیکس کی تقسیم سے متعلقہ ایشو کے کیس میں ایف بی آرکے حق میں فیصلہ دیا جاچکا ہے اور اس مد میں آئی پی پیز سے 19 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوگا۔

دستاویز کے مطابق ایل ٹی یو اسلام آباد نے آئیسکو سے 6 ارب 39کروڑ 90لاکھ روپے، پی ٹی وی سے 2 ارب 21کروڑ 20لاکھ روپے، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن سے 1ارب 31کروڑ روپے، اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن سے 66 کروڑ 40 لاکھ، سی ڈی اے سے53 کروڑ 60لاکھ روپے، این ایچ اے سے 34 کروڑ40 لاکھ روپے، پی ٹٰی اے سے 16کروڑ روپے، پیمرا سے 6 کروڑ 10 لاکھ روپے اور زرعی بینک سے 5کروڑ40 لاکھ روپے وصول کرنا ہیں تاہم مذکورہ اداروں کی طرف سے مختلف قانونی فورمز سے حکم امتناع حاصل کررکھا ہے اور ان اداروں کی طرف سے حاصل کردہ حکم امتناعی خارج کراکر یہ 11 ارب 77 کروڑ روپے کے واجبات وصول کیے جاسکتے ہیں۔
Load Next Story