پشاور ایئربیس حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان آبائی علاقوں میں سپردخاک

پشاور ایئر بیس پر حملے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے


ویب ڈیسک September 19, 2015
پشاور ایئر بیس پر حملے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 29 جوان شہد ہوئے تھے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: ایئرفورس کے بیس کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے اہلکاروں کی ان کے آبائی علاقوں میں تدفین کردی گئی۔

پاک فضائیہ کے جونیئر ٹیکنیشن شان شوکت کی نماز جنازہ فیصل آباد کے علاقے رحمت آباد میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں پاک فضائیہ کے افسران جوانوں اور رشتہ داروں کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد سے شرکت کی۔

پاک فضائیہ کے جونیئر ٹیکنیشن طارق عباس کی نماز جنازہ میانوالی کے علاقے موچھ میں ادا کر دی گئی۔ طارق عباس کو نماز جنازہ کے بعد اعلی فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

سانحہ پشاورمیں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے اہلکارمحمد افضل کی نمازجنازہ ملتان کے نواحی علاقے مبارک پور میں ادا کی گئی جب کہ پاکستان ائر فورس کے جونئیر ٹیکنیشن عامر شہزاد کی نمازجنازہ میانوالی کے علاقے دندی شریف میں ادا کی گئی۔ ریڈار آپریٹر منیر احمد کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کے آبائی علاقے گجرات میں سپرد خاک کیا گیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے شہید کیپٹن اسفندیار بخاری کو ان کے آبائی علاقے اٹک میں اعلی فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

دوسری جانب سانحہ پشاور کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے، مقدمے میں قتل اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں ایئرفورس کے بیس کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 29 اہلکار شہید جب کہ 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 14 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔