کراچی میں قیامت خیز گرمی نے 3 افراد کی جان لے لی درجنوں اسپتال داخل 

لوگ زیادہ سے زیادہ ٹھنڈے پانی کا استعمال کریں اور کسی ضرورت کے بغیر گھر سے باہر نہ نکلیں، ماہرین


ویب ڈیسک September 19, 2015
شہرمیں درجہ حرارت 42 ڈگری پر پہنچ گیا ہے جو اتوار کو مزید بڑھ سکتا ہے، محکمہ موسمیات

ISLAMABAD: شہر قائد میں جاری گرمی کی شدید لہر نے 3 افراد کی جان لے لی ہے جب کہ درجنوں افراد مختلف سرکاری و نجی اسپتالوں مین داخل ہے۔

کراچی میں ایک مرتبہ پھر سورج آگ برسانے لگا ہے اور درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا ہے۔ شدید گرمی کی وجہ سے لیاری جنرل اسپتال میں بہار کالونی کا عظیم چل بسا جب کہ بفرزون سیکٹر16 اے میں ہیٹ اسٹروک سےایک شخص انتقال کرگیا،اورنگی میں قصبہ موڑ کے قریب 33 سالہ یونس اچانک سڑک پرگرا اوردم توڑ گی اس کے علاوہ شہر کے مختلف سرکاری و نجی اسپتال میں درجنوں مریض زیر علاج ہیں۔

صوبائی وزیر صحت جام مہتاب ڈہر کا کہنا ہے کہ گرمی کی وجہ سے متاثرین کو بروقت طبی امداد پہنچانے کے لئے محکمہ صحت نے شہر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔ اس کے علاوہ حکومت نے کے الیکٹرک کو بھی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے اثرات زائل کرنے کے لئے لوگ پانی اور دیگر ٹھنڈے مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور کسی ضرورت کے بغیر گھر سے باہرنہ نکلیں۔

ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول کا کہنا ہے کہ اس وقت ہوا کا کم دباؤ بحیرہ عرب میں موجود ہے، جس کی وجہ سے شہر میں سمندری ہوائیں بند ہیں، علاقے کو سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں کی گرم ہواؤں نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ شدید گرمی کی لہر اتوار اور پیر کو بھی جاری رہے گی تاہم پیر کی رات سے درجہ حرارت معمول پر آجائے گا۔

واضح رہے کہ جون میں کراچی میں شدید گرمی کے نتیجے میں 18 سو سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔