عمران خان حکومت پرتنقید توکرتے ہیں مگر خود کوئی کام نہیں کرتے احسن اقبال

عمران خان کو اب میچور ہو جانا چاہئے کیونکہ عوام ان کی منفی باتوں کو پسند نہیں  کرتے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی


ویب ڈیسک September 19, 2015
نندی پور منصوبے پر شوروغل ہماری کامیابیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش ہے، احسن اقبال فوٹو: فائل

وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت پرتنقید توکرتے ہیں مگر خود کوئی کام نہیں کرتے اور ان کا طرزِ عمل ایسا ہے کہ نہ کھیلوں گا،نہ کھیلنےدوں گا۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے جو دہشت گردی کے خلاف ہماری کامیابی کی واضح دلیل ہے۔ چند برس قبل ریاست دہشت گردوں کے محاصرے میں تھی اب دہشت گرد ریاست کے محاصرے میں ہیں ،یہ شکست خوردہ عناصر ہیں جن کا جلد خاتمہ کر دیا جائے گا، کراچی میں امن و امان کی صورت حال پہلے سے بہت بہتر ہوچکی ہے، 2015 میں 2013 والا بلوچستان نہیں ہے، یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ہمیں اتفاق ، اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنا ہے اور اس اتفاق و اتحاد کو آگے بڑھانا ہے اس کے ذریعے ہی دہشت گردی کی جنگ کو جیت سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے توانائی کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نندی پور منصوبہ 2007میں میں شروع ہوا، مسلم لیگ (ن) اس بیمار یونٹ کو دفن کرنا نہیں چاہتی تھی کیونکہ اگر ایسا ہوتا تو یہ لوگ ثالثی عدالت میں چلے جاتے جس سے حکومت کو بھاری جرمانہ بھی ادا کرنا پڑتا اور حکومتی ساکھ کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاری پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے، انہی وجوہات کی بناءپر ہماری حکومت نے اس منصوبے کو شروع کیا، اب اس کا انتظامی مسئلہ ہے کہ اس کو چلانا کیسے ہے جو جلد حل ہوجائے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت کسی بھی منصوبے کی شفافیت پر سمجھوتہ نہیں کرے گی، اسی لئے نندی پور منصوبہ پر بھی وزیراعظم انکوائری کا حکم دے چکے ہیں ،نندی پور منصوبے پر شوروغل ہماری کامیابیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش ہے، حاسد شور اس لئے مچا رہے ہیں کہ حکومت اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 2018کے انتخابات میں بھی کامیاب نہ ہوجائے۔ عمران خان حکومت پرتنقید توکرتے ہیں مگر خود کوئی کام نہیں کرتے، انہیں اب میچور ہو جانا چاہئے کیونکہ عوام ان کی منفی باتوں کو پسند نہیں کرتے ، انہیں اگر ہمارا مقابلہ کرنا ہے تو خیبر پختونخوا میں منصوبے بنائیں اور کارکردگی کی بنیاد پر ہمارا مقابلہ کریں، وہ اپنی منفی سیاست کے ذریعے دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔