ایکسپریس کےتعاون سے پہلے کارا ووڈ فلم فیسٹیول کا انعقاد

تقریب میں عاطف اسلم کو قوم کی آواز جب کہ علی ظفر کو ہر فن مولا کے ایوارڈ سے نوازا گیا


Showbiz Reporter September 20, 2015
انٹرنیشنل بہترین اداکار کے لیے فواد خان جب کہ اداکارہ کے لیے عمائمہ ملک کو ایوارڈ دیے گئے۔ فوٹو : ایکسپریس

KABUL: پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کے بعد پہلے کاراووڈ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ایوارڈزکا شاندار انعقاد کیا گیا۔ ایوارڈ سے پہلے چار روزہ فیسٹیول منعقد کیا گیا جس میں بے شمار ملکی و غیرملکی فلموں کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا، غیر ملکی فلمیں مبھارت، ایران اور امریکا سے شامل کی گئی تھیں۔ کاراووڈ فلم فیسٹیول ایوارڈز کا میڈیا پارٹنر ایکسپریس گروپ ہے۔

کاراووڈ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے منتظمین خالد خان کا کہنا ہے کہ بے حد خوشی ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیجینڈ اداکار اور ابھرتے ستاروں کی حوصلہ افزائی کرسکے، پہلے فیسٹیول کے انعقاد کی کامیابی کے بعد ہمارے حوصلہ مزید بڑھا ہے اور پوری کوشش کریں گے کہ اس کا انعقاد ہر سال ممکن بنائے۔ ایوارڈز کی تقریب گزشتہ روز پی ایف میوزیم میں منعقد ہوئی، جس میں شوبزنس کے معروف ستاروں فواد خان، عمائمہ ملک، عاطف اسلم، علی ظفر، سرمد کھوسٹ، ثانیہ سعید،ندیم بیگ، وجاہت رؤف، عائشہ عمر، شہزاد شیخ،امجد صابری، غزالہ، سید نور و دیگر نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز فیصل قریشی کی ڈانس پرفارمنس سے ہوا جب کہ متھیرا، صائمہ اظہر،مریم علی حسین و دیگر نے بھی پرفارم کیا۔ امجد صابری نے قوالی پڑھی اور ہر سو سحر انگیز ی تاری ہوگیا۔ مصطفی زاہد اور علی ظفر نے بھی میوزک پرفارمنس کی جب کہ علی ظفر نے کوک اسٹوڈیو میں پیش کیے گئے گیت ''راک اسٹار'' پر بھی پرفارم کیا جس نے محفل کی شان میں چار چاند لگا دیے۔

تقریب میں امجد صابری، راحت فتح علی خان اور ندیم بیگ صاحب کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا، عاطف اسلم کو قوم کی آواز کا ایوارڈ دیاگیا ، علی ظفر کو ہر فن مولا شخصیت کا ایوارڈ دیا گیا، بہترین ایڈیٹنگ فیچر فلم میں سرمد کھوسٹ کی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم ''منٹو'' کو ایوارڈ دیا گیا جب کہ شارٹ فلم میں ''خاموش خواہش'' کو اسی کیٹگری میں ایوارڈ دیا گیا۔ بہترین پلے بیک گلوکار مرد کے لیے احسن اقبال کو ''ٹوٹا تارہ '' پر جب کہ بہترین پلے بیک خاتون گلوکار کے لیے زارش کو فلم ''کراچی سے لاہور'' میں گیت ''ربی رلی'' کے لیے ایوارڈ دیا گیا۔

انٹرنیشنل بہترین اداکار کے لیے فواد خان جب کہ اداکارہ کے لیے عمائمہ ملک کو ایوارڈ دیے گئے۔ فلم ناقدین کا کہنا تھا کہ جس طرح فلم انڈسٹری کامیابی سے بحالی کی طرف گامزن ہے اس طرح کے فیسٹیولز کا انعقاد ہونا خوش آئند ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |