انگلینڈ سے سیریز اپنے پلان کے مطابق کھیلنا ہوگا یاسر شاہ

حریف بیٹسمینوں کو پریشان کرنے کیلیے خاطرخواہ ہتھیار موجود ہیں، تاحال اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کرپایا،اسپنر

حریف بیٹسمینوں کو پریشان کرنے کیلیے خاطرخواہ ہتھیار موجود ہیں، تاحال اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کرپایا،اسپنر فوٹو : فائل

لیگ اسپنر یاسر شاہ نے کہا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز میں اپنے پلان کے مطابق کھیلنا ہوگا،10 ٹیسٹ میں61 شکار کرنے والے بولر کے مطابق موجودہ انگلش ٹیم کمزور حریف نہیں البتہ سیریز میں گرین کیپس زیادہ مضبوط ہوں گے۔

پاکستان اکتوبر، نومبر میں ایک مرتبہ پھر خلیجی میدانوں میں انگلش ٹیم سے صف آرا ہوگا، غیرملکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں حریف کے اسپن بولنگ پر کمزور ہونے کے تاثر پریاسر شاہ نے کہا کہ جب تک ہم ان کیخلاف نہیں کھیلیں اس بابت کچھ نہیں کہا جاسکتا، ہمیں اپنے پلان کے مطابق کھیلنا ہوگا، میرے پاس انگلش بیٹسمینوں کو پریشان کرنے کیلیے خاطرخواہ ہتھیار موجود ہیں، مجھے اس سے غرض نہیں کہ سامنے کون سا حریف ہے۔

ایک مرتبہ پھر پاکستان کی کلین سوئپ کامیابی کے سوال پر یاسر نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ مصباح الحق، یونس خان اور محمد حفیظ کی موجودگی میں ہماری ٹیم بہت مضبوط ہے، یہ تمام سینئرز نوجوان کھلاڑیوں کو بھی اپنے تجربے سے مستفید کرتے ہوئے ٹیم کے لیے خاصے مددگار ہوتے ہیں، اس سے سب کا حوصلہ بڑھ جاتا ہے۔


انگلینڈ کیخلاف سیریز میں بھی ہماری یہی اسپرٹ برقرار رہے گی، 2001-2002 میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کے بعد اعلی سطح پر موقع کیلیے طویل انتظار کرنے کی بابت یاسر شاہ نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں مجھے پاکستان انڈر19کیلیے کھیلنے کا موقع ملا تھا، پھر پختونخوا کی ٹیم نے 2001-2002 میں مجھے فرسٹ کلاس کیلیے ٹیم کا حصہ بنالیا۔

ابتدا میں مجھے اپنی بولنگ میں بہتری درکار تھی جس کے بعد میں بتدریج آگے بڑھا، یاسر نے کیریئر کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ستمبر2011 میں کھیلا اور پھر دوسرا میچ کھیلنے کا موقع فروری 2015 میں میسر آیا، انھوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کی موجودگی میں میری ٹیم میں جگہ نہیں بن پاتی تھی، جب اس پائے کا بولر کسی ٹیم کا حصہ ہو تو پھر میری شمولیت کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا، وہ زمبابوے کے دورے میں نہیں تھے تو مجھے آزمایا گیا اور میں ڈیبیو پر 2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہا، بعد میں انتظار کرتا رہا لیکن میں نے امید کا دامن نہیں چھوڑا، انھوں نے مزید کہا کہ میرا مقصد تھا کہ جب بھی موقع ملے اس وقت کیلیے خود کو پوری طرح تیار رکھوں، اللہ نے مجھے میرا صبر کا صلہ کامیابی کی صورت میں دیا ہے۔

ایک سوال پر یاسر نے کہا کہ قومی ٹیم میں اسپن کوچ مشتاق احمد کی رہنمائی میں میری بولنگ میں خاصی بہتری آئی ،گگلی بھی پہلے سے زیادہ کارآمد ہوگئی ، انھوں نے کہا کہ میں ابھی تک کی اپنی پیش کردہ پرفارمنس پر خوش لیکن سمجھتا ہوں کہ بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کرپایا۔ یاسر شاہ نے کہا کہ آسٹریلوی لیگ اسپنر شین وارن سے2 مرتبہ ملاقات ہوچکی، ان کی جانب سے بولنگ کی ستائش میرے لیے بڑا اعزاز ہے، وہ میرے فیورٹ بولر رہے ہیں۔

انھوں نے مجھے اپنے انداز سے بولنگ جاری رکھنے کا مشورہ دیا، وہ نہیں سمجھتے کہ میرے بولنگ ایکشن اور انداز میں کسی تبدیلی کی ضرورت ہے، ٹیم کا مین بولر ہونے سے دباؤ کے سوال پر یاسر نے کہا کہ مجھے اس سے پریشانی نہیں ہوتی، میں اپنی بولنگ کو بہتر بناتے ہوئے بنیادی باتوں کو مدنظر رکھتا ہوں، میری کوشش ہوتی ہے کہ ہر بار پاکستان کیلیے بہترین پرفارمنس کروں۔
Load Next Story