بنائیے مزے دار کیک بسکٹس اور پیسٹریاں

وہ ویب سائٹس جو بیکنگ میں ہو سکتی ہیں آپ کی مددگار


Munira Adil September 20, 2015
وہ ویب سائٹس جو بیکنگ میں ہو سکتی ہیں آپ کی مددگار فوٹو : فائل

بیکنگ کھانے پکانے کا ایسا طریقہ ہے جو فی زمانہ مقبول عام ہوتا جارہا ہے۔ پسندیدہ مشغلے سے لے کر کاروبار تک بیکنگ دنیا بھر میں پسندیدگی کی انتہا کو چھو رہا ہے۔ کیک، بسکٹ سے لے کر پیزا ، پڈنگ غرض بیک کی جانے والی ڈشز کی لمبی فہرست ہے اور دن بہ دن اس میں نئی ڈشز کا اضافہ ہوتا چلاجا رہا ہے۔

بیکنگ ایک ایسا منفرد پیشہ ہے جس میں بیکری کے کاروبار سے منسلک افراد سے لے کر گھر بیٹھے کیک اور کپ کیکس آرڈر پر تیار کرنے والی خواتین سبھی یکساں طور پر شریک ہیں۔ اسے بطور مشغلہ اپنانے والوں میں خواتین اور لڑکوں لڑکیوں کی کثیر تعداد شامل ہے۔ڈبل روٹی اور بن سے لے کر سال گرہ کے کیک تک بہت سے اشیاء بے حد شوق سے بیک کی جاتی ہیں۔ بیکنگ کی اسی مقبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بیکنگ سے متعلق چند ویب سائٹس درج ذیل ہیں۔ امید ہے ہمارا انتخاب قارئین کو پسند آئے گا۔

٭www.all-bakingrecipes.com
بیکنگ سے متعلق مختلف تراکیب اور معلومات اس ویب سائٹس پر موجود ہیں۔ بیکنگ کے لیے درکار اجزاء سے لے کر بیکنگ کے لیے استعمال ہونے والے سازوسامان (برتن، پیمائش کے پیمانے وغیرہ) کے متعلق بھی تفصیل سے درج ہے، تاکہ ایک ماہر بیکر سے لے کر بیکنگ کے شائق تک سبھی اس سائٹ سے یکساں طور پر استفادہ کرسکیں۔ چیز کیک، چاکلیٹ کیک، فروٹ کیک، لیڈی فنگرز، اسکونز یا اسپنج کیکس بائیں جانب دیے گئے ان آئٹمز کے ناموں پر کلک کرتے ہی انہیں بنانے تراکیب سامنے آجاتی ہیں۔ اکثر تراکیب میں مختلف ممالک میں ان کے مختلف نام اور تراکیب کے لنکس بھی درج ہیں۔

٭www.baking.about.com
اس ویب سائٹ کھلتے ہی مختلف بیک کیے ہوئے اور بنا بیک کیے ہوئے دونوں طرح کی میٹھی ڈشز کی خوب صورت تصاویر آپ کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلیتی ہیں۔ گو کہ مغربی ممالک کے کچھ ایسے میٹھے بھی ہیں جن کے ذائقوں سے ہم ناآشنا ہیں، لیکن ان کی تصاویر اور ساتھ دی گئی تفصیل مجبور کردیتی ہیں کہ ان پر کلک کرکے ان کی تراکیب کو پڑھ کر بنایا جائے اور نت نئی ڈشز سے اپنے دستر خوان کو سجایا جائے۔ ویب سائٹ پر فہرست دی گئی ہے جس میں مختلف کیٹگریز درج ہیں۔

مثلاً کیک، بسکٹ، ڈبل روٹی وغیرہ ان پر کلک کرتے ہی ان سے متعلق مختلف تراکیب سامنے آجاتی ہیں۔ اس کے علاوہ کیک کیسے بیک کیے جائیں اس کی مکمل تفصیل بھی درج ہے۔ اس کے علاوہ بنیادی میٹھے بھی اس ویب سائٹ پر موجود ہیں اور تمام تراکیب موجود ہیں مثلاً کیک کس طرح بنایا جائے گا، اس کی ترکیب، آئسنگ، اس کی سجاوٹ سبھی تفصیل سے درج ہے۔ تراکیب کے علاوہ اس میں مختلف تراکیب کی ویڈیوز بھی شامل ہیں، جن میں فروٹنگ کرنے سے لے کر ڈیکوریشن تک سب تفصیل سے بتایاگیا ہے۔ اس ویب سائٹ میں بیکنگ کے مختلف طریقوں، ٹوٹکوں اور کار آمد باتوں کا بھی تذکرہ ہے ۔

٭www.browneyedbaker.com
بیکنگ کرنے والوں سے لے کر بیکنگ سیکھنے والوں تک سبھی کے لیے یہ ویب سائٹ بے حد مفید ثابت ہوگی اس میں اپنی من پسند ڈش کی ترکیب ڈھونڈنا بے حد آسان ہے۔Recipe index پر کلک کرتے ہی مختلف کیٹیگریز سامنے نظر آتی ہیں۔ ہر کیٹیگری پر کلک کرتے ہی مختلف تراکیب کی تصاویر اور نام سامنے آجاتے ہیں۔ اس طرح من پسند ترکیب پر کلک کرکے ترکیب پڑھی جاسکتی ہے۔

Recipe index کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اس میں مختلف اجزاء کے ذریعے بھی تراکیب کو تلاش کیا جاسکتا ہے۔ اس ویب سائٹ میں سب سے معلوماتی حصہ متبادل اجزاء کے متعلق معلومات ہیں اور اجزاء کی پیمائش کے متعلق ہیں، کیوںکہ بیکنگ میں سب سے اہم اجزاء کی صحیح مقدار اور مطلوبہ اجزاء نہ ہونے کی صورت میں اس کا بہترین متبادل۔ بیکنگ کرنے والے بہت سے ماہرین بھی اکثر متبادل اجزاء سے ناواقف ہوتے ہیں۔ اس ویب سائٹ میں موجود یہ معلومات اس کو دیگر ویب سائٹس سے منفرد بناتی ہیں۔

٭www.fauyiaskitchenfun.com
اس ویب سائٹ کی پسندیدگی کی اولین وجہ اس میں موجود تراکیب کا ہمارے معاشرے اور ذائقے سے ہم آہنگ ہونا ہے۔ گو کہ بنیادی طور پر یہ ویب سائٹ کھانے پکانے سے متعلق ہے اور اس میں بیکنگ کے ساتھ دیگر کھانوں کی بھی تراکیب موجود ہیں، لیکن اس میں کھانوں کی تراکیب سے لے کر کیک، ڈونٹ، بسکٹ سے لے کر ڈبل روٹی، بن تک بے شمار تراکیب شامل ہیں، جو ہماری ذائقے کی دنیا سے مماثلت رکھتی ہیں۔ اس کے علاوہ ترکیبوں کو بے حد تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔

یعنی تراکیب تصویر کے ساتھ شامل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اگر ترکیب پڑھنے سے سمجھ نہ آئے تو اس ترکیب کو مرحلہ وار انداز میں بھی دیا گیا ہے، جس پر کلک کرکے مرحلہ وار ترکیب سامنے آجاتی ہے۔ ہر مرحلے کو تحریر کرنے کے ساتھ تصاویر بھی شامل کی گئی ہیں، تاکہ مطلوبہ آئٹم بہ آسانی تیار کیا جاسکے۔ اس کے علاوہ اکثر تراکیب میں ترکیب کی مناسبت سے تجاویز بھی درج ہیں۔اس ویب سائٹ میں وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے چند مزے دار تراکیب شامل کی گئی ہیں۔

مختلف ملکوں کے کھانوں کی لذیذ تراکیب بھی اس ویب سائٹ میں شامل ہیں۔Tips&Tricks میں بہت سی کار آمد تجاویز شامل ہیں، جن میں بیکنگ سے متعلق بہت سی کارآمد تجاویز شامل ہیں جن پر عمل کرکے بہترین بیکنگ کرنے کے علاوہ بیکنگ کے بعد ڈبل روٹی، بن، پیسٹریز کو محفوظ طریقے سے فریز کیا جاسکتا ہے، تاکہ ان کی تازگی برقرار رہے ۔

اس ویب سائٹ میں Glossary پر کلک کرتے ہی مختلف سبزیوں، پھلوں، خشک میوہ جات، مسالوں اور مختلف کھانوں کے ناموں کا اردو ترجمہ انگریزی حروف میں سامنے آجاتا ہے۔ وہ تمام خواتین یا حضرات جو محض کوئی چیز اس بنا پر نہیں بنا پاتے کہ ان اجزاء کے اردو میں نام نہیں جانتے، ان کے لیے یہ سائٹ بہت فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ Chai Tale کے نام سے ایک فورم بھی اس ویب سائٹ کے ممبرز کے لیے موجود ہے جس میں اپنی تجاویز، مشورے اور معلومات کو دوسروں سے بانٹا جاسکے۔

٭www.biggerbolderbaking.com

یہ ویب سائٹ معروف بین الاقوامی شیفGemma کی تراکیب پر مشتمل ہے۔ بیکنگ سے تیار کردہ مختلف ڈشز، کیک، بسکٹ، آئسکریم وغیرہ کی تراکیب کے علاوہ ایسی تراکیب بھی شامل ہیں جن کو بغیر بیکنگ کے بنایا گیا ہے۔ سب سے منفرد وہ تراکیب ہیں جو ایک منٹ میں مائیکروویو میں تیار ہوجاتی ہیں۔ تراکیب کو تفصیل سے بیان کرنے کے ساتھ ان کی تصاویر اور ویڈیوز کو بھی تراکیب کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ اس طرح ترکیب کو بہ آسانی سمجھا جاسکتا ہے۔ بیکنگ کے شائقین کے لیے یہ ایک سودمند ویب سائٹ ہے۔

٭www.joyofbaking.com
کیک، بسکٹ، کپ کیک، ڈبل روٹی ، پائی، ٹارٹ اور بے شمار بیکنگ سے متعلق تراکیب اس ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ تراکیب کے علاوہ ویڈیوز بھی موجود ہیں۔ بیکنگ کے اجزاء کے متبادل اجزاء اس کے علاوہ بیکنگ میں استعمال ہونے والے مختلف اجزاء کے متعلق معلومات، بنانے کے طریقے بھی یہاں پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ وزن کو حجم کے لحاظ سے بھی بیان کیا گیا ہے۔ مثلاً کتنے کپ یا چمچوں سے اگر کسی بیکنگ کے اجزاء کو ناپا جائے تو وہ کتنے گرام ہوں گے۔ اس ویب سائٹ پر آئسکریم، چاکلیٹ سے لے کر مختلف پھلوں، سبزیوں تک کی تراکیب تک موجود ہیں۔مختلف طرح کی تراکیب کے علاوہ اس سائٹ میں بیکنگ کی تاریخ بھی درج ہے جو خاصی دل چسپ ہے۔ بیکنگ کی تراکیب کے علاوہ بیکنگ کی تاریخ سے دل چسپی رکھنے والوں کے لیے یہ بہت اچھی ویب سائٹ ہے۔

٭www.joyofbaking.com
بیکنگ کے ذریعے بنائی گئی بے شمار ڈشز کی تراکیب کے علاوہ ان کی پرکشش تصاویر اس ویب سائٹ وزٹ کرنے والے کو ترکیب کو فوراً بنانے پر مجبور کرتی ہیں۔ بیکنگ کے بنیادی اصولوں کو تصاویر، ویڈیوز اور تفصیلی مضمون کے ذریعے سمجھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بیکنگ کے لیے درکار ضروری اشیاء اور طریقوں کو بھی تفصیلی مضمون میں اور تصویر کے ذریعے سمجھایا گیا ہے۔ بیکنگ کے شائقین کے علاوہ بیکنگ سیکھنے والوں کے لیے بھی یہ ایک مفید اور معلوماتی ویب سائٹ ہے، جس کے ذریعے وہ بیکنگ کے بنیادی اصولوں سے آگہی حاصل کرکے ضروری اشیاء کا استعمال سیکھ کر بہترین بیکنگ کی تراکیب کو آزماکر ایک کام یاب بیکر بن سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔