ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری سے ہی انٹرنیشنل کرکٹ اچھی ہو سکتی ہے وقار یونس

زمبابوے اور انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے، کوچ قومی کرکٹ ٹیم


ویب ڈیسک September 20, 2015
ڈومیسٹک کرکٹ سے نئے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوا، وقار یونس۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت خوش آئند ہے اور ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر کر کے ہی اچھی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی جا سکتی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت خوش آئند بات ہے، نوجوان کھلاڑی عمدہ پرفارمنس دکھا رہے ہیں جب کہ انہیں محمد حفیظ، شاہد آفریدی، عمر اکمل اور احمد شہزاد جیسے سینئرز کی مدد بھی حاصل رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم اچھا کھیلے، زمبابوے کے خلاف بہتر کھیل پیش کرکے سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ نئے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کی کوشش کر رہے، ڈومیسٹک کرکٹ سے نئے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے اسٹرکچر کو بہتر کریں گے تو انٹرنیشنل کرکٹ بہتر ہو گی۔

قومی ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم کافی عرصے سے اچھا کھیل پیش کر رہی ہے اس لئے انہیں آسان نہیں لیں گے، جس طرح نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے خلاف جارحانہ کرکٹ کھیلی اسی طرح انگلینڈ کے خلاف بھی اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیسٹ ٹیم میں کسی تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے، کوشش کریں گے کہ کنڈیشن کے مطابق ٹیم کا انتخاب کریں۔ انگلینڈ سے سیریز بھی اہم ہے اس لئے جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔