اس وقت سعید اجمل کو ٹیم میں شامل کرنا نا ممکن ہے چیرمین پی سی بی

ایکشن میں تبدیلی کے بعد سے سعید اجمل کا گراف نیچے آیا ہے، شہریارخان

سلمان بٹ ا ور محمد آصف کا قومی ٹیم میں جلد واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے، شہریار خان۔ فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ ہم نے انگلینڈ کے خلاف بہترین کھلاڑیوں کا چناؤ کرنا ہے اور اس وقت جادوگر اسپنر سعید اجمل کو ٹیم میں شامل کرنا ناممکن ہے۔

گوجرانوالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ پاک بھارت کرکٹ تعلقات بحال ہوں اور قوی امید ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان میں آکر کھیلے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے سیریز کے حوالے سے ابھی تک ہمارے خط کا جواب نہیں دیا ہے، پاک بھارت تعلقات کو کرکٹ پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیئے، کوشش ہے کہ بھارت کے ساتھ کرکٹ روابط بحال ہوں، آئی سی سی نے اعتراف کیا ہے کہ پاک بھارت سیریز اہم ہوتی ہیں۔


جادو گر اسپنر سعید اجمل کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے شہریار خان کا کہنا تھا کہ زمبابوے اور انگلینڈ کے لئے ہم نے بہترین ٹیم منتخب کرنی ہے اور ایکشن میں تبدیلی کے بعد سے سعید اجمل کا گراف نیچے آیا ہے، ہو سکتا ہے کہ جب وہ نئے ایکشن کے عادی ہو جائیں تو ان کی پرفارمنس دیکھ کر انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونس خان کی پرفارمنس بہت اچھی ہے اگر وہ فٹ رہے اور پرفارم کرتے رہے تو انہیں ایک روزہ ٹیم میں بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔

چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ محمد عامر کو ہم نے نہیں آئی سی سی نے معافی دی اور پھر اس کے بعد انہوں نے اپنی سزا بھی پوری کی لیکن سلمان بٹ اور محمد آصف کا معاملہ دوسرا ہے، آئی سی سی نے ان دونوں کھلاڑیوں کو پی سی بی سے باقاعدہ معافی ملنے کے بعد کرکٹ کی اجازت دی ہے اور پی سی بی نے بھی ان دونوں کھلاڑیوں کے لئے پروگرام ترتیب دے دیا ہے جس کے مطابق یہ دونوں کھلاڑی مختلف شہروں کا دورہ کر کے کھلاڑیوں سے ملاقاتیں کریں گے اور اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے واضح معافی مانگیں گے، اس کے بعد یہ کھلاڑی کلب کرکٹ کھیلیں گے اور پھر ہم ان کے رویے اور پرفارمنس کا جائزہ لیں گے۔
Load Next Story