اسٹیبلشمنٹ ماضی کی تلخ باتوں کو نظرانداز کرکے مہاجروں کے زخموں پر مرہم رکھے رابطہ کمیٹی

بھارت جانیوالےافراد سےمنسوب کردہ تربیت وغیرہ کےمعاملات کا ایم کیوایم  یا اس کی پالیسی سےکوئی لینا دینانہیں،رابطہ کمیٹی


ویب ڈیسک September 20, 2015
متحدہ قومی موومنٹ ایک محب وطن جماعت تھی اور آج بھی ہے، رابطہ کمیٹی - فوٹو ؛ فائل

KARACHI: ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ ایک محب وطن جماعت تھی اور آج بھی ہے جب کہ اسٹیبلشمنٹ ماضی کی تلخ باتوں کو نظرانداز کرکے مہاجروں کے زخموں پر بھی مرہم رکھے۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے اپنے پالیسی بیان میں واضح کیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ ایک محب وطن جماعت تھی اور آج بھی ہے، پاکستان سے ایم کیوایم کی وابستگی غیرمشروط طورپر ہمیشہ جاری رہے گی جب کہ بعض کارکنوں نے محض اپنی جانیں بچانے کے لئے بھارت کا رخ بھی کیا اور 92ء کے آپریشن میں ہزاروں کارکنان اپنی جانیں بچانے کے لئے بیرون ملک بھی جانے پر مجبورہوئے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ بھارت سمیت دیگر ممالک جانے والوں نے نہ تو ایم کیوایم کے مرکز سے اجازت لی اور نہ ہی اس عمل کو کسی طرح ایم کیوایم کی پالیسی کا حصہ قراردیاجاسکتا ہے۔

رابطہ کمیٹی کا کہناتھا کہ ریاست سے ناراض بلوچوں کے لئے معافی کا اعلان ایک انتہائی مستحسن اقدام ہے، اسی طرح اسٹیبلشمنٹ ماضی کی تلخ باتوں کو نظرانداز کرکے مہاجروں کے زخموں پر بھی مرہم رکھے۔ رابطہ کمیٹی نے اپیل کی کہ بھارت جانے والے افراد سے منسوب کردہ تربیت وغیرہ کے معاملات کا بھی ایم کیوایم کے مرکز یا اس کی پالیسی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے لہذا وطن عزیز کے مفاد میں طاقت اور جذبات کے بجائے حقائق کی روشنی میں تمام معاملات کا جائزہ لیاجائے۔ رابطہ کمٹی کا کہنا تھا کہ یہ عمل ملک وقوم کے مفاد میں ہوگا اور اس عمل کو ایم کیوایم کا مکمل تعاون حاصل ہوگا جب کہ مہاجروں کو قومی دھارے سے باہر نکالنے کا عمل نہ کیاجائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔