آمد عید ڈیپ فریزرز کی فروخت میں نمایاں اضافہ

ہر سال کی طرح اس سال بھی عید الاضحیٰ کے لیے ڈیپ فریزر کی فروخت بڑھ گئی ہے


Business Reporter September 21, 2015
ہر سال کی طرح اس سال بھی عید الاضحیٰ کے لیے ڈیپ فریزر کی فروخت بڑھ گئی ہے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

قربانی کا گوشت محفوظ کرنے کے لیے ڈیپ فریزر کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ الیکٹرونک آئٹمز فروخت کرنے والی دکانیں رات گئے تک کھل رہی ہیں۔

عید سے قبل آخری ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر بھی کراچی میں الیکٹرونکس مصنوعات کا مرکزی صدر بازار اتوار کے روز بھی کھلا رہا اور ڈیپ فریزر کی فروخت رات تک جاری رہی۔ مارکیٹ سروے کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں قائم الیکٹرونک مصنوعات کی دکانوں کے علاوہ عبداﷲ ہارون روڈ صدر پر واقع مرکزی بازار میں بھی ڈیپ فریزرز کی فروخت عروج پر پہنچ چکی ہے۔ قربانی کا گوشت محفوظ کرنے کے لیے ڈیپ فریزرز خریدنے والے شہریوں نے بتایا کہ دکانداروں کی جانب سے ڈیپ فریزر کی قیمت 1500سے 2000روپے زائد طلب کی جارہی ہے جس کی وجہ اسٹاک کی قلت یا کمپنی کی جانب سے قیمتوں میں اضافہ بتائی جاتی ہے۔ کراچی الیکٹرونک اینڈ اسمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان عرفان نے ایکسپریس کو بتایا کہ عید الالضحیٰ کے موقع پر ڈیپ فریزر کی فروخت میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا جاتا ہے، ہر سال کی طرح اس سال بھی عید الاضحیٰ کے لیے ڈیپ فریزر کی فروخت بڑھ گئی ہے، سنگل ڈور ڈیپ فریزر کی ڈیمانڈ سب سے زیادہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیپ فریزر بنانے والی کمپنیوں نے دوہفتے قبل قیمتوں میں 1000سے 2000 ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا ہے جبکہ مارکیٹ میں ڈیپ فریزر کی سپلائی بھی محدود کردی گئی ہے جس کی وجہ پروڈکشن میں کمی بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قربانی کا گوشت محفوظ کرنے کے لیے ڈیپ فریزر کی فروخت عید سے ایک ہفتہ قبل شروع ہوجاتی ہے جو چاند رات تک جاری رہتی ہے بعض ڈیلرز عید کی صبح تک ڈلیوری دیتے رہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں عید سے قبل آخری ہفتے میں 18سے 20ہزار ڈیپ فریزر فروخت کیے جاتے ہیں، یومیہ بنیادوں پر شہر بھر میں ڈیپ فریزر کی فروخت 1500سے 2000 یونٹس بتائی جاتی ہے۔

علاوہ ازیں ملکی تاریخ میں شرح سود چھ فیصد کی کم ترین سطح پر آنے کے باوجود بینکوں کی جانب سے عوام کو صارف قرضوں کی فراہمی پر بلند شرح سود وصول کی جارہی ہے جس کی وجہ سے کم یا محدود آمدن والا طبقہ برقی آلات بالخصوص ڈیپ فریزر کی خریداری سے محروم ہے جس کا فائدہ قسطوں پر الیکٹرونک مصنوعات فروخت کرنے والے اٹھارہے ہیں شہر کے مختلف علاقوں میں قسطوں پر برقی آلات فروخت کرنے والوں نے بینکوں کو بھی پھیچھے چھوڑ دیا اور دو سے تین سال کی اقساط پر 40فیصد تک سود وصول کیا جارہا ہے۔ نئے ڈیپ فریرز کی خریداری کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بڑی تعداد اپنے گھروں میں پہلے سے موجود فریج اور ڈیپ فریزر کی مرمت کروا رہے ہیں جس سے فریج ڈیپ فریزر کی مرمت کرنے والوں کا کام بھی چمک اٹھا ہے زیادہ تر فریج اور ڈیپ فریزر میں گیس کی فلنگ کرائی جارہی ہے تاکہ قربانی کے گوشت کو زیادہ عرصے تک محفوظ رکھا جاسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں