اپنی جلد کو موسم سے ہم آہنگ کریں تاکہ میک اپ تادیر ساتھ نبھائے

میک اپ کے لیے شیڈز کا انتخاب کرتے ہوئے برونز پر بھروسا کریں جو آپ کی آنکھوں کو روشن دکھائیں گے


Nasreen Akhter September 21, 2015
کثر خواتین جلد کی تبدیلیوں پر غور کیے بغیر اپنے پرانے بیوٹی روٹین پر عمل پیرا رہتی ہیں۔ فوٹو: فائل

KARACHI: شدید گرمی کے موسم سے سب ہی گھبراتے ہیں، خاص طور پر وہ خواتین جو صبح سے شام تک اپنے آپ کو تروتازہ رکھنا چاہتی ہیں، لیکن موسم کی شدت آڑے آتی ہے اور میک اپ بھی زیادہ دیر ساتھ نہیں دیتا، ایسی صورت میں خواتین کا پریشان ہونا لازمی امر ہے۔ حالاں کہ موسم سرما کے برعکس موسم گرما میں ہماری جلد قدرتی طور پر بہتر ہو جاتی ہے اور ہم خود کو اچھا محسوس کرتے ہیں، لیکن موسم گرما کے طویل اور گرم ترین دنوں میں موسم کی مناسبت سے اپنی جلد کی حفاظت ضروری ہوتی ہے، تاکہ گرمی میں جب میک اپ کیا جائے، تو وہ تادیر قائم رہے اور تازگی کا احساس ہو۔

موسم گرما میں آپ کی جلد کو زیادہ فطری اور قدرتی طور پر تر و تازہ نظر آنا چاہیے لیکن ہم میں سے بیش تر خواتین اس کے حصول میں ناکام ہو جاتی ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ ہوتی ہے کہ موسم کے ساتھ ہماری جلد بھی مختلف قسم کی تبدیلیوں کی زد میں آتی ہے اور اکثر خواتین جلد کی تبدیلیوں پر غور کیے بغیر اپنے پرانے بیوٹی روٹین پر عمل پیرا رہتی ہیں، یوں جلد کی صورت حال موسم کی مناسبت سے میل نہیں کھاتی اور خراب ہونے لگتی ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد کی حفاظت کا طریقہ تبدیل کریں۔ سب سے پہلے تو اپنی جلد کو تیز دھوپ سے بچانے کے لیے 'سن اسکرین' اور 'سن بلاک' کا استعمال کریں، تاکہ جلد خشک ہونے سے بچے اور جھریوں سے پاک رہے۔

عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ سن اسکرین اور سن بلاک ایک ہی طرح کام کرتے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہے۔ سن اسکرین سورج کی ضرر رساں شعاعوں کو فلٹر کرتے ہیں اور انہیں جلد تک پہنچنے سے روک دیتے ہیں لیکن سن بلاک جلد کو زیادہ تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ لہٰذا سورج کی الٹرا وائلٹ ریز سے جلد کو محفوظ رکھنے کے لیے گھر سے باہر نکلنے سے 15 منٹ پہلے چہرے اور جسم کے کھلے ہوئے حصوں پر سن بلاک کا استعمال کریں۔

حبس کے موسم میں بھی آپ کو اپنی جلد کی حفاظت کرنی چاہیے کیوں کہ بظاہر آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہوں، لیکن گرمی اور حبس کی وجہ سے جلد اس وقت بھی متاثر ہوتی ہے۔ اس لیے سن بلاک کا استعمال ترک نہ کریں۔

ایک اضافی احتیاط یہ کریں کہ گھر سے باہر نکلنے سے قبل اپنی جلد کو موئسچرائز کرلیں اور موئسچرائزر کو لازمی طور پر واٹر بیسڈ ہونا چاہیے۔ دھوپ میں دن کا بڑا حصہ گزارنے کے بعد جلد کی دیکھ بھال کرنا اتنا ہی اہم ہے، جتنا کہ جلد جھلس جانے سے بچانے کے لیے سن بلاک یا سن اسکرین کا استعمال کرنا۔ گرمی کے موسم میں اپنی جلد کو نرم وملائم اورنم رکھنے کے لیے اپنے چہرے اور ہاتھوں پر کسی اچھے موئسچرائزر کا روزانہ استعمال ضروری ہے۔ جلد اگر صاف شفاف اور شگفتہ ہوگی، تو تازگی کا احساس بھی ہوگا اور ایسی جلد پر کیا جانے والا میک اپ بھی فطری تاثر دے گی۔

جس طرح گرم موسم میں آپ اپنے قیمتی ریشمی ملبوسات کو ایک طرف رکھ دیتی ہیں اور آپ کی الماری میں لان کے ہلکے پھلکے خوش رنگ ملبوسات اپنی بہاریں دکھانے لگتے ہیں، بالکل اسی طرح اپنے چہرے کا بھاری میک اپ بھی ترک کر دیں۔ سب سے پہلے تو اپنی فاؤنڈیشن کو رنگ دار (Tinted) موئسچرائزر سے بدل لیں۔ اس چھوٹی سی تبدیلی سے آپ اپنی جلد پر زیادہ تازگی محسوس کریں گی۔ اگر آپ کی جلد پر داغ دھبے یا براؤن اسپاٹس موجود ہیں، تو انہیں چھپانے کے لیے اپنے ٹنٹڈ موئسچرائزر کے اوپر برش کی مدد سے پاؤڈر فاؤنڈیشن لگائیں۔

میک اپ کے لیے شیڈز کا انتخاب کرتے ہوئے برونز پر بھروسا کریں۔ برونز آپ کی آنکھوں کو روشن دکھائیں گے۔ اپنی جلد پر تھوڑی سی حرارت کا اضافہ کرنے سے ہر کوئی بہتر دکھائی دیتا ہے۔ قدرتی تازگی کے حصول کے لیے اپنے چہرے کے ہائی پوائنٹس پر برونز شیڈ کا استعمال بہتر نتائج دیتا ہے۔ چہرے کے وہ حصے جو سورج کی روشنی میں نمایاں نظر آتے ہیں، جیسا کہ پیشانی، گال، بونز، ٹھوڑی اور ناک کو برونز کے لائٹ اینڈ ڈارک شیڈ سے نمایاں کریں۔ پرائمر آپ کی جلد کو ہم وار بنانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ اسے موئسچرائزر لگانے کے بعد لیکن چہرے پر میک اپ کرنے سے پہلے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ میک اپ کی ابتدا کرنے سے پہلے آپ کو ایک ہموار بنیاد فراہم کر دیتا ہے۔ موسم گرما میں پرائمر کا استعمال بے حد ضروری ہے، کیوں کہ یہ ناقابل یقین طور پر ہلکے ہوتے ہیں اور یہ کسی طرح سے بھی ایک بھاری اضافی تہ کا تاثر نہیں دیتے۔ ساتھ ہی یہ میک اپ کو بہنے سے روکتے ہیں۔

آپ کا ٹی زون (T-Zone) آپ کے چہرے کا وہ حصہ ہے، جو سب سے پہلے موسم کی زد میں آتا ہے اور فوری طور پر اس کا ردعمل بھی ظاہر کرتا ہے۔ اس ناخوش گوار چمک کا خاتمہ کرنے کے لیے بلاٹنگ پیپر حیران کن نتائج دیتے ہیں۔ اگر آپ اپنے میک اپ کو دوبارہ سے تروتازہ کرنا چاہتی ہیں، تو اپنے ٹی زون پر نمودار ہو جانے والی چکنائی کی اس نادیدہ سی تہ کو بلاٹنگ پیپر کی مدد سے جذب کیجیے، پھر اس پر فیس پاؤڈر ہلکے سے تھپتھپا کر لگائیے۔ گہرے رنگ یقینا اپنا ایک الگ چارم رکھتے ہیں، لیکن شدید گرم موسم میں ان کا استعمال نگاہوں کو کچھ بھلا معلوم نہیں ہوتا۔ سورج کی روشنی اور حرارت اور ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لیے اپنے ہونٹوں پر میٹ کلر کی لپ اسٹک کا استعمال کریں۔ ایسی لپ اسٹک کا استعمال کریں، جو ہلکے اور شفاف رنگوں پر مشتمل ہو، جو آپ کے بلشر اور آئی کلر کے ساتھ میچ کر کے آپ کو ایک نیا نکھار عطا کرے۔ برونز اور رسٹ کے شیڈ آپ کو ایک فطری تاثر دیتے ہیں۔ اپنے ہونٹوں کو تر و تازہ لک دینے کے لیے لپ بام کا استعمال کریں۔ یہ آپ کے ہونٹوں کو ہلکا سا رنگ دیں گے۔

میک اپ کے گہرے تاثر کو ہلکا کرنے کے لیے اپنی لپ اسٹک اور آئی شیڈز کے گہرے گہرے رنگوں کو شفاف رنگوں سے تبدیل کر دیں۔ اپنے ہونٹوں کو واضح کرنے کے لیے لپ لائنر کا استعمال کریں، لیکن لپ لائنر کے لیے 'نیوڈ شیڈ' کا انتخاب کریں۔ آئی شیڈو کو دیر تک آنکھوں پر قائم رکھنے کے لیے کریم کے اوپر پاؤڈر کی ایک تہ لگائیں، ریگولر پنسل یا کریم لائنر کو آنکھوں پر لگائیں۔ آئی پرائمر کا استعمال آنکھوں کو ہموار کرتا ہے۔ گرم موسم میں واٹر پروف آئی میک اپ کا استعمال بہتر ثابت ہوتا ہے۔ واٹر پروف مسکارے کا ایک کوٹ خوب صورتی میں اضافے کا سبب ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں