عارضی اسٹالوں پر رش عید قرباں پر جانوروں کا چارا 30فیصد مہنگا ہو گیا

بڑے جانورکامکس ہراچارا70روپے اورچھوٹے جانورکاسوکھامکس چارا 60روپے کلوفروخت ہورہا ہے،


عامر خان September 22, 2015
پاکستان چوک پر قربانی کے جانوروں کے لیے مشین سے گھاس کاٹی جارہی ہے ،مزدور تیار چارے کو تھیلیوں میں بھررہا ہے (فوٹو ایکسپریس)

عیدالاضحی کے قریب آتے ہی شہر بھر میں جگہ جگہ قربانی کے جانور گھروں کے باہر اور مختلف مقامات پر کھڑے نظر آرہے ہیں، شہریوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ قربانی سے قبل جانوروں کی زیادہ سے زیادہ خدمت کریں، نوجوان، بڑے اور بچے قربانی کے جانوروں کی خدمت میں مصروف ہیں ۔

قربانی کے جانوروں کے چارے کی دکانوں پر سیکڑوں افراد کو عارضی روزگار مل گیا ہے،تفصیلات کے مطابق شہر کی ہر سڑک پر جانوروں کے چارے کی دکانیں اور اسٹال لگ گئے ہیں، گزشتہ سال کی نسبت جانوروں کی خوراک میں شامل اشیا کی قیمتوں میں عید قربان سے قبل 30 فیصد اضافہ ہوگیا ہے، دکاندار عاطف نے بتایا ہے کہ عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی خدمت بڑوں سے زیادہ بچے شوق سے کرتے ہیں اور وہی ان کی خوراک اور پانی کا خیال رکھتے ہیں۔

شہر کی سڑکوں اور محلوں میں جانوروں کے چارے کے عارضی اسٹال لگ گئے ہیں ، چارا بیچنے کا کام عیدالاضحی سے15 روز قبل شروع ہوکر عید کے تیسرے دن تک جاری رہتا ہے، چارے کی فروخت کے کاروبار سے سیکڑوں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار مل جاتا ہے، جانوروں کی خوراک میں کھل، چوکر، دانا بھوسا، مکئی، جو، گیہوں، ہرا چارا، سوکھا چارا، کٹا ہوا چارا (گڈی)، چنے کا چھلکا، بھوسا شامل ہوتا ہے ، چارے کی ہول سیل منڈی لی مارکیٹ میں قائم ہے۔

شہر کے کئی مقامات پر ہول سیل قیمت پر جانوروں کا چارا فروخت ہورہا ہے ، دکاندار ہول سیل سے چارے کی اشیا خریدکر اسٹالوں پر 10 سے 15 فیصد منافع رکھ کر فروخت کرتے ہیں، امسال جانوروں کی خوراک میں استعمال ہونے والی اشیا کی قیمتیں 20 سے 30 فیصد بڑھ گئی ہیں ۔

کھل 45 سے 50 روپے فی کلو، چوکر30 سے 40 روپے فی کلو، دانا 40 سے 45 روپے فی کلو، بھوسی 30 سے 35 روپے فی کلو، بھوسا 30 سے 35 روپے فی کلو ، جو 50 سے 55 روپے فی کلو، گیہوں 55 سے 60 روپے فی کلو، ہرا چارا 20 سے 25 روپے فی کلو، ہری گھاس 15 روپے فی کلو، سوکھی گھاس25 سے 30 روپے فی کلو، چنے کا چھلکا 50 سے 55 روپے فی کلو، بڑے جانور کا مکس ہرا چارا 70 روپے فی کلو اور چھوٹے جانور کا سوکھا مکس چارا 50 سے 60 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے، بکروں، دنبوں کی خوراک کیلیے سوکھا چارا استعمال ہوتا ہے بڑے جانور کے لیے ہرا چارا زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں