ملالہ یوسف زئی پر حملہ قابل مذمت ہےملی یکجہتی کونسل

کچھ عناصربیرونی قوتوں کی ایما پرعلمائے کرام کی شان میں گستاخی کررہے ہیں

پاکستان کیخلاف سازشوں کا آغاز کردیا گیا ہے، اسد اللہ بھٹو کااجلاس سے خطاب۔ فوٹو: اے ایف پی

ملی یکجہتی کونسل سندھ کا اہم اجلاس ادارہ نورحق میں کونسل کے صدر اسد اللہ بھٹو کی صدارت میں ہوا۔

اجلاس میں ملالہ واقعے کی آڑ میں علمائے کرام کے خلاف بے بنیاد پرو پیگنڈے اور انھیں اپنے کوائف جمع کرانے کے احکامات پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی گئی اور علمائے کرام پر زور دیا گیا کہ وہ کوائف جمع کرانے سے صاف انکار کردیں،اجلاس میں تحفظ ناموس رسالتؐ کی جدوجہد کو جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا ۔


اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل سندھ کے سیکریٹری ڈاکٹر خالد محمود سومرو، ڈپٹی سیکرٹری محمد بلال حیدر ، تحریک اسلامی کے مرزا محمد یوسف اور دیگر نے خطاب کیا، اس موقع پر جماعت اسلامی کے ممتاز سہتو ،محمد حسین محنتی، برجیس احمد، مسلم پرویز ، محمد احمد منصوری، جمعیت علمائے اسلام کے محمد اسلم غوری، عمر صادق، قاری عثمان ، جمعیت اتحاد العلماء کے مولانا عبدالوحید، محمد نسیم خان ، حیدر علی ، رابطہ المدارس کے ضیاء الرحمن فاروقی، تحریک اسلامی کے رجب علی حاتمی، جعفر علی سبحانی، تحریک اہلحدیث کے علامہ عبداللہ غازی، مرکزی جماعت اہلسنت کے مفتی محمد اسلم نعیمی ، سواد اعظم کے فضل عظیم قادری ،پاکستان رابطہ کونسل کے مفتی عبدالمجید اشرفی،منہاج القرآن کے حافط ضیاء المصطفی، تحریک فیضان اولیا کے عثمان علی ماجدی، تحریک اہلحدیث کے مولانا فاروق، جماعت الدعوۃ کے محمد کاشف اور دیگربھی موجود تھے۔

اجلاس میں ملالہ واقعے اور علمائے کرام کی گستاخی کے حوالے سے قراردادیں بھی منظور کی گئیں، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ آج ایک بار پھر پاکستان اور اس کے نظریے کے خلاف سازشوں کا آغاز کردیا گیا ہے، بلا شبہ ملالہ پر ہونے والا حملہ قابل مذمت ہے مگر اس کی آڑ میں شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے عندیے اور علمائے کرام کے خلاف بے بنیاد پروپگینڈے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ سب کچھ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت ہورہا ہے ،انھوں نے کہا کہ علمائے کرام نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔

مگر آج کچھ عناصر بیرونی قوتوں کی ایما پر علمائے کرام کی شان میں گستاخی کررہے ہیںاور ناشائستہ زبان استعمال کررہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، انھوں نے کہاکہ حکومت اپنے فرائض انجام دینے میں ناکام ثابت ہوچکی ہے کراچی میں ایک بار پھر جبری کھالیں وصول کرنے والے بھتہ خور سرگرم عمل ہوگئے ہیں، خالد محمود سومرو نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے قیام کا مقصد باہمی یکجہتی اتحاد اور اخوت کو فروغ دینا ہے جو لوگ علما کے خلاف بول رہے ہیں وہ اپنے آقائوں کی خوش کررہے ہیں۔
Load Next Story