امریکا میں ہر سال 16 ستمبر کو سب سے زیادہ بچے پیدا ہوتے ہیں

بچوں کی پیدائش کاعام مہینہ اگست ہے تاہم اگر31 تاریخ نکال دی جائے تو سب سے زیادہ بچوں کی پیدائش کامہینہ ستمبر ہے


ویب ڈیسک September 22, 2015
9، 23 ، 17 اور 22 ستمبر بالترتیب دوسری، تیسری، چوتھی اور پانچویں مقبول ترین تاریخیں ہیں۔ فوٹو: فائل

امریکی ماہرین کی تحقیق کے مطابق پورے سال میں ستمبر وہ مہینہ ہے جس میں سب سے زیادہ بچے دنیا میں آتے ہیں اور اس میں سے 16 ستمبر وہ دن ہے جب سب سے زیادہ لوگوں کی سالگرہ ہوتی ہے۔

امریکی روزنامے نیویارک ٹائمز میں ہارورڈ یونیورسٹی سے منسلک ماہر اقتصادیات امیتابھ چندر کی جائزہ رپورٹ شائع ہوئی ہے، جس میں بچوں کی پیدائش کی تاریخ کے حوالے سے سال کے ہر دن کی درجہ بندی کی گئی ہے۔ اس رپورٹ کو 1973 سے 1999 کے دوران امریکا میں پیدا ہونے والے بچوں کی تاریخ پیدائش کے اعداد و شمار کو مد نظر رکھتے ہوئے مرتب کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا میں بچوں کی پیدائش کا زیادہ عام مہینہ اگست ہے تاہم اگر اگست کے ایک اضافی دن یعنی 31 تاریخ کو نکال دیا جائے تو سال بھر میں سب سے زیادہ بچوں کی پیدائش کا مہینہ ستمبر ہے۔ 16 ستمبر وہ دن ہے جب سب سے زیادہ لوگوں کی سالگرہ ہوتی ہے۔ اسی ماہ کی 9، 23 ، 17 اور 22 تاریخ بالترتیب دوسری، تیسری، چوتھی اور پانچویں مقبول ترین دن ہیں۔

درجہ بندی کی فہرست سے ظاہر ہوتا ہے کہ سال میں جنوری، فروری، مارچ، اپریل اور نومبر سالگرہ کے عام مہینے نہیں، مہینوں کے اعتبار سے جنوری میں سب سے مقبول سالگرہ کا دن 20 ، فروری میں 14 ، مارچ میں 3 اور اپریل پہلی تاریخ بچوں کی پیدائش کے حوالے سے مقبول سالگرہ کا دن ہے۔ اس کے علاوہ مئی 22 تاریخ، جون کی 30 ،24 اور 25 ، جولائی کی 7 اور 8 تاریخ سالگرہ کے لیے زیادہ مقبول ہیں۔

امریکا میں اگست میں پیدا ہونے والے بچوں کے لیے زیادہ عام سالگرہ کے دن 12،19 اور 20 اگست ہیں، اکتوبر میں مقبول سالگرہ کے دن یکم اور 2 تاریخ، نومبر کے مہینے میں 5 تاریخ جب کہ سال کے آخری مہینے دسمبر کے گراف سے پتا چلتا ہے کہ اس مہینے میں سالگرہ کی عام تاریخ 30 دسمبر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں